عوام افواہوں پر کان نہ دھریں ،اہل تشیع جامع مسجد امام بارگاہ کلان میں نمازجمعہ ادا کرینگے ،شیعہ سنی علماء کی مشترکہ پریس کانفرنس

اتوار 16 ستمبر 2018 21:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2018ء) 10محرم الحرام کے جلوس کے روٹ میں آنے والے اہلسنت کی مساجد میں تمام اہلسنت عوام اہتمام کے ساتھ نمازجمعہ ادا کرینگے، اس ضمن میںنمازیوں کیلئے کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوگی، انتظامیہ نے اہلسنت کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے عوام افواہوں پر کان نہ دھریں اہل تشیع جامع مسجد امام بارگاہ کلان میں نمازجمعہ ادا کرینگے، جلوس کے روٹ پر واقع مساجد کی انتظامیہ سے اپیل ہے کہ وہ کی نماز01:30تک ادا کردیں تاکہ اس کے بعد عزاداری جلوس کو سہولت کے ساتھ گزاراجاسکے، جس میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو علماء کرام سے اپیل کی گئی کہ وہ دس محرم کو نمازجمعہ کیلئے مقررہ اوقات کا اعلان کریں اور بورڈز پر تحریری اطلاع نامہ آویزاں کریں شیعہ، سنی علماء قاری عبدالرحمان، علامہ جمعہ اسدی، مولانا عطاء الرحمان، علامہ ولایت جعفری، مولانا نصیب الله آغا، مفتی سنزر، سعید بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر دائود آغا ودیگر نے اتوار کے روزکوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوںنے کہاکہ سنی شیعہ علماء کرام وبلوچستان شیعہ کانفرنس نے باہم مل کر طریقہ کار اور پالیسی وضع کی ہے مذہبی رواداری کیلئے علماء نے ہمیشہ مثالی کردارادا کیا انہوںنے کہاکہ ایک منصوبے کے تحت شام اور عراق پر داعش کی حکومت مسلط کی گئی داعش سے تیل کی خریداری کون کرتاتھا اپنے مفادات حاصل کرنے کیلئے شیعہ سنی فسادات برپا کئے گئے کوئٹہ شہر امن کا گہوارہ ہے یہاں بڑی تعداد میں سنی علماء کا خون بہایاگیا اور شیعہ افراد کی نسل کشی کی گئی ہمارے درمیان تفرقہ ہوتاتو ساتھ نہ ہوتے سنی مدارس میں شیعہ جبکہ شیعہ مدارس میں سنی کتب پڑھائی جاتی ہیں انہوںنے کہاکہ امام سید علی خامنہ ای کا فتویٰ ہے کہ اہل سنت کے مقدسات کی توہین اور ازواج مطہرات پر تہمت لگانا ان کے شرف وعزت میں خلل ڈالنا حرام ہے انہوںنے کہاکہ دونوں مکاتب فکر تعصب تنگ نظری عداوت اور اختلافات کو قومی تباہی اور بربادی سمجھتے ہیں اس موقع پر بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر دائود آغانے کہاکہ ہم محرم کے علاوہ بھی شیعہ سنی علماء کی محدود وسائل میں بیٹھک کراتے ہیں حکومت کو چاہیے کہ صوبائی سطح پر ایک کمیٹی بنادی جائے اور تمام مسلک اور زبانوں کے افراد کو یکجابٹھاکراختلافات دور کرائے جائیں جس سے فقہی اور قبائلی تنازعات کا خاتمہ ممکن ہوگا آخر میں پریس کانفرنس کے شرکاء نے پاک فوج کی امن کیلئے دی جانے والی قربانیوں کو سراہا۔