دوست کے دوران پرواز شادی کا پرپوزل دینے پر ائیرلائن نے ائیر ہوسٹس کو ملازمت سے نکال دیا

اتوار 16 ستمبر 2018 23:58

دوست کے  دوران پرواز  شادی کا پرپوزل دینے پر ائیرلائن نے ائیر ہوسٹس ..
چائنا ایسٹرن ایئر لائن کے عملے میں موجود ایک لڑکی نے کبھی سوچا بھی نہیں ہو گا کہ جب اسے دوران پرواز اس کے دوست کی طرف سے شادی کا پروپوزل ملے گا تو وہ نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھے گی۔
اس سال مئی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی۔ شیاین  سے ینچوان جانے والی پرواز میں ریکارڈ کیے گئے  اس کلپ میں ایک مسافر ائیر ہوسٹس کو  گھٹنوں کے بل بیٹھ کر شادی کا پروپوزل دے رہا ہے۔

  خوشی سے بھیگی آنکھیں لے کر اس لڑکی نے پرواز کے اناؤنسمنٹ سسٹم کے ذریعے سب کو مخاطب کیا:
"مجھے واقعی ذرا بھی علم نہیں تھا کہ میرا دوست مجھے اس پرواز میں پروپوز کرنے والا ہے۔ اس موقع کے گواہ بننے پر شکریہ۔"
مذکورہ ویڈیو بنا کر شیئر کرنے والا یقیناً اس پرواز کے مسافروں میں سے کوئی ایک تھا جس نے ویڈیو میں بتایا کہ ہر شخص اس رومانوی  انداز سے متاثر ہوا۔

(جاری ہے)

  ویڈیو میں کچھ مسافروں کو اپنے موبائل فونز کے ذریعے اس یادگار موقع کی ریکارڈنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
جوڑے کی بدقسمتی تھی کہ مذکورہ ائیرلائن  پروپوزل کے اس انداز سے کم ہی متاثر ہوئی۔ایک ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق 10 ستمبر کو  ایئر لائن کمپنی نے  ائیر ہوسٹس کو مسافروں کے حفاظت  نظرانداز کرنے پر ملازمت سے برطرف کر دیا۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ دوران پرواز پروپوزل پیش کرنا خلل اندازی کے مترادف اور غیر ذمہ دارانہ عمل تھا جس نے مسافروں کی سیکیورٹی کو خطرے میں ڈال دیا۔


سوشل میڈیا پر چینی شہری اس واقعے کو لے کر دو حصوں میں بٹ گئے ہیں۔ ایک گروپ ایئر لائن کے انتہائی سخت اور بے رحمانہ اقدام پر اعتراض کر رہا ہے خصوصاً جب ائیر ہوسٹس کو پروپوزل کے منصوبے کا علم ہی نہ تھا۔
تاہم دوسرے گروپ کا کہنا ہے کہ   کام کے دوران نجی معاملات کو لے کر محتاط رہنا چاہیے خاص طور پر ایسی نوکری میں جو براہ راست لوگوں کی حفاظت سے جڑی ہو کیونکہ اس معاملے میں بے پروائی بذات خود فرائض میں غفلت کا ثبوت ہے۔