بریگزٹ کے سوال پر دوبارہ ریفرنڈم کرایا جائے، میئر لندن صادق خان

برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے سوال پر ملک میں ایک اور ریفرنڈم انتہائی ضروری ہوگیاہے،گفتگو

پیر 17 ستمبر 2018 12:00

بریگزٹ کے سوال پر دوبارہ ریفرنڈم کرایا جائے، میئر لندن صادق خان
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2018ء) برطانوی دارلحکومت لندن کے میئر صادق خان نے مطالبہ کیا ہے کہ برطانیہ کے یورپ سے اخراج کے سوال پر ایک اور ریفرنڈم کرایا جائے۔ صادق خان سیاستدانوں کی اس بڑھتی ہوئی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جو بریگزٹ پر دوسرے ریفرنڈم کے حق میں ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اپوزیشن لیبر پارٹی کے سینیئر رہنما اور لندن کے میئر صادق خان نے مطالبہ کیا کہ بریگزٹ یا برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے سوال پر ملک میں ایک اور ریفرنڈم کرایا جائے۔

ان کا یہ مطالبہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا جب بریگزٹ کے سوال پر حکومت کے اندر تفریق بڑھتی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے کی حکومت برطانیہ کے یورپی یونین کے ساتھ مستقبل کے تعلقات کے معاملے پر ہونے والے مذاکرات کے لیے نہ تو تیار دکھائی دیتی ہے اور نہ ہی اس کی گہرائی سے آگاہ نظر آتی ہے۔

(جاری ہے)

صادق خان نے کہاکہ اس کا مطلب ہے کہ حکومت کی طرف سے برسلز کے ساتھ مذاکرات میں حاصل شدہ بریگزٹ معاہدے پر ریفرنڈم کرایا جائے جس میں یورپی یونین میں رہنے کا آپشن بھی موجود ہو۔

خان کے مطابق عوام کے معیار زندگی، ملازمتوں اور ملکی معیشت پر پڑنے والے اثرات اتنے زیادہ ہیں کہ عوام سے اس پر ان کی رائے ضرور پوچھی جانی چاہیے،میں نہیں سمجھتا کہ ٹریزا مے کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ لوگوں کے معیار زندگی اور معیشت کے ساتھ کھلے بندوں کھیل سکیں۔