بھارت، فوجی اہلکار نے فائرنگ کرکے اپنے دو ساتھیوں کو ہلاک کرنے بعد خودکشی کرلی

پیر 17 ستمبر 2018 13:26

بھارت، فوجی اہلکار نے فائرنگ کرکے اپنے دو ساتھیوں کو ہلاک کرنے بعد ..
نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) بھارت کی ریاست ہماچل پردیش میں فوجی اہلکار نے فائرنگ کرکے اپنے دو ساتھیوں کو ہلاک کردیا اور بعد میں اپنی سروس رائفل سے خودکشی کرلی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہماچل پردیش کی دھرمشالہ فوجی چھاونی میں پیر کو18 سکھ رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے جسویر سنگھ نے اپنے ہی دو ساتھیوں ہردیپ سنگھ اور ہرپال سنگھ کو گولیوں سے چھلنی کردیا جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج کے اہلکار نے بعد میں خود کو بھی گولی کا نشانہ بنایا جس سے وہ لقمہ اجل بن گیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ سے ہونے والی ہلاکت کا یہ واقعہ فوجی چھاونی کے اندر پیش آیا۔ جسویر سنگھ کی فائرنگ سے مارے جانے والے دونوں اہلکاروں نے بالترتیب23 اور 18 سال قبل بھارتی فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ پولیس حکام اور ملٹری انٹلیجنس کے مطابق ابھی تک فائرنگ سے ہونے والی ان ہلاکتوں کے اصل محرکات سامنے نہیں آسکے ہیں تاہم تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔