سندھ کابینہ نے اگلے نو ماہ کے لیئے بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی

ْکابینہ کاکے الیکٹرک کی غفلت سے معذور ہونے والے بچے کا بیرون ملک علاج کرانے کا بھی فیصلہ

پیر 17 ستمبر 2018 14:54

سندھ کابینہ نے اگلے نو ماہ کے لیئے بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2018ء) سندھ کابینہ نے اگلے نو ماہ کے لیئے بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی ہے جبکہ کابینہ نے کے الیکٹرک کی غفلت سے معذور ہونے والے بچے کا بیرون ملک علاج کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت پیرکو سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا،جس میں تمام صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری، مشیر اور سیکریٹری فنانس شریک ہوئے،کابینہ نے اگلے نو ماہ کے لیئے بجیٹ تجاویز کی منظوری بھی دی۔

اجلاس میں وزیراعلی سندھ کو بریفنگ دی گئی کہ والدین اور کے الیکٹرک حکام سے ملاقاتیں کیں،پیپلزپارٹی کے رہنما امتیاز شیخ نے کابینہ کو بتایا کہ کے الیکٹرک پچیس لاکھ معاوضہ دینے کے لیے تیار تھا، وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر معاوضہ پچاس لاکھ کرایا۔

(جاری ہے)

کابینہ کو بتایا گیا کہ کے الیکٹرک بچے کے باہرعلاج کرانے پرتذبذب کا شکار ہے جس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یہ کیا بات ہے کہ کے الیکٹرک بچے کا باہر علاج کرانے پرہچکچا رہا ہے،وزیراعلی سندھ نے اجلاس کے دوران اعلان کیا کہ سندھ حکومت بچے کا بیرون ملک علاج کرائے گی۔

کابینہ اجلاس میں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاھ نے لگژری گاڑیوں کے حوالے سے تین رکنی کمیٹی قائم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مراد علی شاھ نے کہا کہ میرے زیر استعمال تین لگژری گاڑیاں ہیں، میڈیا میں کیا کیا چلتا ہے دیکھ کر حیران ہوتا ہوں، ہمارے پاس چھبیس سال پرانا ہیلی کاپٹر ہے، جبکہ سندھ حکومت کا جہاز 2006 میں خریدا گیا تھا۔