ابوظہبی: چلتی گاڑی سے کچرا سڑک پر پھینکنے والے ڈرائیور اپنی عادت بدل لیں

اس نوعیت کے جُرم پر ایک ہزار درہم کا بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 17 ستمبر 2018 14:41

ابوظہبی: چلتی گاڑی سے کچرا سڑک پر پھینکنے والے ڈرائیور اپنی عادت بدل ..
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 ستمبر 2018ء) متحدہ عرب امارات میں پولیس نے گاڑی کی کھڑکی سے کچرا باہر سڑک پر پھینکنے والے غیر ذمہ دار ڈرائیوروں کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ ابوظہبی پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ کار کی کھڑکی سے کچرا اور ضائع شدہ سامان باہر پھینکنا امارات کے فیڈرل ٹریفک قانون کی رُو سے جُرم سمجھا جاتا ہے‘ اس جُرم کے ارتکاب پر ایک ہزار درہم کے جرمانے کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس پر چھ بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی کیا جائے گا۔

ٹریفک قانون کی رُو سے کار سوار افراد نہ صرف بڑی اشیاء کار سے باہر پھینکنے پر قصوروار ٹھہرائے جائیں گے بلکہ ٹشو پیپرز‘ ایلومینیم کین حتی کہ بچا کھُچا سگریٹ کا ٹکڑا بھی باہر پھینکنے پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

جنوری 2018ء سے مارچ 2018ء کے درمیان ابو ظہبی پولیس نے 85 کار سواروں کو سڑک پر گند پھیلانے کے جُرم میں جرمانوں سے نوازا۔ اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ ‘بریگیڈیر احمد الصیحی نے بتایا کہ ابو ظہبی پولیس ریاست کا صفائی سے بھرپور امیج اُبھارنے کے لیے اپنے حصّے کا کردار ادا کر رہی ہے‘ اس مقصد کے لیے ایسے ڈرائیورز پر بھرپور نظر رکھی جا رہی ہے جو گلیوں اور سڑکوں میں ڈرائیونگ کے دوران کار سے کوڑا اور دوسرا گند باہر پھینکتے ہیں۔

اس نوعیت کے جُرم پر ابوظہبی کے علاوہ دیگر ریاستوں میں بھی جرمانے کیے جا رہے ہیں۔ ماضی میں اس جُرم پر پانچ سو درہم کا جرمانہ عائد کیا جاتا تھا اور چار بلیک پوائنٹس کی سزا دی جاتی تھی‘ تاہم اب جرمانے کو دُگنا کر کے لوگوں کو خبردار کیا جا رہا ہے کہ اس جُرم کو معمولی مت سمجھیں۔ دُبئی میونسپلٹی کے ذیلی ادارے ویسٹ مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں 154 نئے انسپکٹرز بھرتی کیے گئے ہیں جو سڑکوں پر گند پھینکنے والے ڈرائیورز کو پانچ سو درہم کا جرمانہ کرنے کے مجاز ہوں گے۔ 2016ء میں دُبئی میں 2,939 افراد کو سڑک پر گند ڈالنے کے جُرم میں جرمانے کے ٹکٹ تھمائے گئے۔ اس کے علاوہ عوامی مقامات پر تھُوکنے کی صورت میں بھی 500درہم کا جرمانہ بھرنا پڑتا ہے۔