سابق وزیراعظم نواز شریف کے لیے این آر او حاصل کرنے کی کوششیں

دو اسلامی ممالک میدان میں آگئے، پاکستانی حکومت کو بار بار این آر او کے حوالے سے درخواست کی جا رہی ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 17 ستمبر 2018 16:25

سابق وزیراعظم نواز شریف کے لیے این آر او حاصل کرنے کی کوششیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 ستمبر 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی ذوالفقار راحت نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے این آر او حاصل کرنے کے حوالے سے کچھ اطلاعات ہیں لیکن اس میں ابھی مزید خبریں آنے کا امکان ہے۔ سینئیر تجزیہ کار نے کہاکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے این آر او کے لیے دو اسلامی ممالک میدان میں آگئے ہیں، اور اس حوالے سے پاکستانی حکومت کو بھی بار بار درخواست کی جا رہی ہے۔

اس میں خبر یہ ہے کہ شریف خاندان کا وہ تمام پیسہ جس سے متعلق حکومت کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شریف خاندان نے اتنا پیسہ ملک سے لُوٹا ہے، اس کا 50 فیصد دینے پر تیار ہو گئے ہیں لیکن اس حوالے سے کوئی تحریری معاہدہ نہیں کیا جا رہا ۔

(جاری ہے)

حکومت کی جانب سے اصرار کیا جا رہا ہے کہ اس معاملے کو تحریری طور پر حل کیا جائے، جس کے بعد پیسہ حوالے کیا جائے لیکن دوسری جانب سے یہ کہا جا رہا ہے کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو ہماری سیاست ختم ہو جائے گی۔

سینئیر تجزیہ کار ذوالفقار راحت نےکہا کہ اس معاملے پر شریف خاندان کے کچھ لوگ راضی ہوگئے ہیں جبکہ کچھ لوگوں نے اس کی مخالفت کی ہے۔ اس کی ایک باقاعدہ عملی شکل آنے والے دنوں میں سامنے آئے گی، کچھ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس معاہدے کے تحت نواز شریف اور مریم نواز پر دس سال تک سیاست سے دور رہنے کی پابندی عائد ہو گی، جس کی تحریری طور پر یقین دہانی کروانا ہو گی۔

اس معاملے پر مطالبہ کیا گیا ہے کہ تحریری طور پر پلی بارگین کی درخواست بھی دی جائے گی۔جس پر شریف خاندان کا کہنا ہے کہ پیسے تو آپ کو کسی بھی چینل کے ذریعے مل جائیں گے لیکن آپ اس پر ہماری طرف سے بلیک اینڈ وائٹ پر یہ معاملہ لے کر آئیں ، ہماری نہ تو کوئی ویڈیو ریکارڈ کریں اور نہ ہی ہم سے کوئی تحریری معاہدہ لیا جائے۔ اس معاملے پر سینئیر تجزیہ کار نے مزید کیا کہا آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: