وزیر دفاع سے جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی کی ملاقات،وزارت دفاع کا قلمدان سنبھالنے پر پرویز خٹک کو مبارکباد دی

دفاعی شعبہ میں باہمی تعاون کے امکانات اور دفاعی اشتراک کا رکو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال

پیر 17 ستمبر 2018 17:24

وزیر دفاع سے جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی کی ملاقات،وزارت دفاع کا قلمدان ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) وزیر دفاع پرویز خٹک سے پاکستان میں متعین جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی نے ملاقات کی ہے اور اُن کو وزارت دفاع کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔وزارت دفاع میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیر دفاع پرویز خٹک نے پاکستان اور جاپان کے درمیان قریبی و تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالی اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں جاپان کے کردار کو سراہا۔

وزیر دفاع پرویز خٹک نے توقع ظاہر کی کہ جاپان سی پیک میں شمولیت کے ذریعے پاکستان کی اقتصادی سرگرمیوں کا باعث بنے گا۔اس کے ساتھ ساتھ باہمی مفاد میں میری ٹائم اور صنعتی پیداوار کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر بھی غور کرے گا۔وزیر دفاع نے افغانستان میں امن واستحکام کے فروغ میں جاپان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے پاکستان کی کوششوں میںجاپان کے کردار کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع نے پاکستان اور جاپان کی فوجی وسیاسی قیادت کے درمیان مکالمہ کے جاپانی حکومت کے اقدام کو بھی سراہا۔ ملاقات میں دفاعی شعبہ میں باہمی تعاون کے امکانات اور دفاعی اشتراک کا رکو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔جاپانی سفیر نے باہمی اشتراک کا ر کی نئی راہوں کے امکانات کے لیے جاپانی حکومت کے پاکستان سے تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔