ضمنی انتخابات 2018 میں ووٹنگ کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا وقت ختم

پیر 17 ستمبر 2018 17:34

ضمنی انتخابات 2018 میں ووٹنگ کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی رجسٹریشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2018ء) ضمنی انتخابات 2018 میں ووٹنگ کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا وقت ختم ہوگیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق رجسٹریشن کی مقررہ تاریخ تک 7 ہزار 4سو 10 ووٹرز نے انٹرنیٹ ووٹنگ کے لیے رجسٹریشن کروائی۔ذرائع نے بتایا کہ ضمنی انتخابات میں انٹرنیٹ ووٹنگ کے لیے 11 ہزار 3سو 30 سمندر پار پاکستانیوں نے اکاؤنٹ بنایا، تاہم رجسٹریشن حاصل کرنے والوں کی تعداد اس کے مقابلے میں کم ہوئی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ ای ووٹنگ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کیلئے بیرون ملک مقیم 6 لاکھ 19 ہزار 590 ووٹرز نے کوئی دلچپسی ظاہر نہیں کی۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 2 روز قبل سمندر پار پاکستانیوں کی رجنسٹریشن کی تاریخ میں 17 ستمبر تک توسیع کی تھی ،ْالیکشن کمیشن نے بتایا تھا کہ تاریخ میں توسیع کا مقصد زیادہ سے زیادہ تارکین وطن کی رجسٹریشن یقینی بنانا ہے، تاہم ادارے نے یہ واضح کیا تھا کہ صرف قومی شناختی کارڈ برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی (نائیکوپ) یا مشین ریڈیبل پاسپورٹ (ایم آر پی) کے حامل تارکین وطن رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔