ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد سعید کی زیرِ صدارت اجلاس، محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا

پیر 17 ستمبر 2018 18:42

ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد سعید کی زیرِ صدارت اجلاس، محرم الحرام ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد سعید کی زیرِ صدارت رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا جس میں محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پولیس، رینجرز اورحساس اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے دوران قانون نافذکرنے والے اداروں نے محرم الحرام کے حوالے سے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے اور کسی بھی ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی کے پلان کا جائزہ لیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ محرم الحرام کے دوران منعقد کی جانے والی مجالس اور جلوسوں کے لئے کئے گئے حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ حساس تنصیبات کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے دیئے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس کے دوران اسٹریٹ کرائم کے تدارک کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل کا بھی ازسرنو جائزہ لیا گیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان راوبط اور ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پرعوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران صوبے بھر میں امن وامان قائم رکھنے کے لئے مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی پاسداری کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کرتے ہوئے کسی بھی شرپسند عناصر، مشکوک سرگرمی اور ناخوشگوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار، رینجرز ہیلپ لائن 1101 ، رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔