میگا کرپشن کے مقدمات کو میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب

پاکستان کو کرپشن فری بنانے کیلئے پرعزم اور شفافیت، میرٹ اور قانون پر بلاامتیاز عملدرآمد کے ذریعے ملک سے ہر قسم کی بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے ْچیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کا علاقائی بیوروز کی ماہانہ کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب

پیر 17 ستمبر 2018 21:27

میگا کرپشن کے مقدمات کو میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق منطقی انجام ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب پاکستان کو کرپشن فری بنانے کیلئے پرعزم اور شفافیت، میرٹ اور قانون پر بلاامتیاز عملدرآمد کے ذریعے ملک سے ہر قسم کی بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈکوارٹر میں نیب کے علاقائی بیوروز کی ماہانہ کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران نیب کے تمام علاقائی بیوروز، پراسیکیوشن، آپریشن ڈویژن سمیت نیب ہیڈ کوارٹرز کے تمام شعبوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدعنوانی ملکی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 297 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے کہ تمام مقدمات کو نمٹانے کیلئے شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کیلئے وقت کا تعین کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، اس لئے نیب اپنی حالیہ پالیسی میں ان نوجوانوں کو اہمیت دیتا ہے تاکہ انہیں ابتدائی عمر میں ہر قسم کی بدعنوانی سے متعلق آگاہی دی جا سکے۔

نیب نے ملک بھر میں مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں میں 55 ہزار کردار سازی کی انجمنیں قائم کی ہیں جس کا مقصد نوجوانوں کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے اگاہی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی کا ماہانہ، سہ ماہی، ششماہی اور سالانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جا رہا ہے اور تمام متعلقہ شعبوں کی مانیٹرنگ اور ایویلیوایشن کانظام وضع کیا گیا ہے۔ چیئرمین نیب نے نیب کے تمام علاقائی بیوروز کی بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے کوششوں کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ وہ بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرنے کیلئے اپنی کوششیں دگنا کریں کیونکہ نیب ہر قیمت پر پاکستان کو بدعنوانی سے پاک بنانے کیلئے پرعزم ہے۔