خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کسی بھی ملک کی ترقی کا خواب کامیاب نہیں ہو سکتا،صدر ڈاکٹر عارف علوی

پیر 17 ستمبر 2018 21:33

خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کسی بھی ملک کی ترقی کا خواب کامیاب نہیں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں ان کے لئے تعلیم، روزگار اور اعلیٰ ترین سطح سے لے کر نچلی سطح تک انہیں بااختیار بنانے کی پالیسیاں وضع کی جائیں۔ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کسی بھی ملک کی ترقی کا خواب کامیاب نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین بہت محنتی ہیں اور جو خواتین تعلیم حاصل کر چکی ہیں وہ ہر جگہ نمایاں نظر آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ خواتین کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں اور قومی معاملات میں شامل کیا جائے۔ اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ وہ ملک، معیشت اور معاشرے میں ہماری معاشرتی روایات کے مطابق بلاخوف و خطر اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ ہمارے مذہب اور ہمارے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ نے بھی اسی بات کی تلقین کی ہے۔