خارجہ تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، بیرونی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی،

پاک چین تعلقات مثالی دوستی اور باہمی اعتماد پر محیط ہیں، موجودہ حکومت سی پیک منصوبے کی بھرپور حمایت کرتی ہے جس سے خطے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے،صدر ڈاکٹر عارف علوی

پیر 17 ستمبر 2018 21:17

خارجہ تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، بیرونی تعلقات میں مزید ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمسایہ ممالک بالخصوص اور دیگر اقوام عالم کے ساتھ اچھے تعلقات کسی بھی ملک کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہوتے ہیں۔ نئی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی خارجہ تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین، امریکہ، ایران اور ترکی کے وزرائے خارجہ اور سعودی عرب کے وزیر اطلاعات کے حالیہ دورہ پاکستان اور ہمارے وزیر خارجہ کا دورہ افغانستان سے ان ممالک کے ساتھ تعلقات میں مزید گہرائی آئی ہے۔

انشاء الله العزیز بیرونی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں من حیث القوم اقوام عالم کے ساتھ بالعموم اور اسلامی دنیا کے ساتھ بالخصوص اچھے تعلقات مربوط کرنے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات مثالی دوستی اور باہمی اعتماد پر محیط ہیں۔ ہزار موسم، لاکھ امتحان آئے لیکن پاک چین تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط ہوتے گئے ہیں۔

موجودہ حکومت پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کی بھرپور حمایت کرتی ہے جس سے خطے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں توقع کرتا ہوں کہ حکومت سی پیک کے منصوبے تیزی سے مکمل کرے گی جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور خطے میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگا۔ اسی طرح وسط ایشیاء کے ساتھ مختلف تجارتی و توانائی کے منصوبوں پر سنجیدگی کے ساتھ عمل کیا جائے گا تاکہ معیشت کی ترقی کے اہداف کو یقینی بنایا جا سکے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور ہمیں معیشت، دفاع، ثقافت اور دیگر تمام شعبوں میں باہمی تعاون میں مزید اضافہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے ساتھ ہمارے تعلقات خصوصی نوعیت کے حامل ہیں جو نہ صرف ہمارے درمیان بلکہ اس پورے خطے میں استحکام کے فروغ کا ذریعہ ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لئے ضروری ہے۔ ہمارے اس ہمسایہ ملک میں دیرپا امن سے ہمارے لئے اور خطے کے لئے تجارت کی نئی راہداریاں کھلیں گی اور ہم اس سلسلے میں ہمیشہ انتہائی خلوص سے کام کرتے رہے ہیں