Live Updates

قانون کا ہاتھ مجرموں کی گردنوں تک ضرور پہنچےگا،فواد چودھری

برطانیہ کیساتھ معاہدے پرعملدرآمد شروع ہوگیا، اب اسحاق ڈار، حسن اور حسین نواز کوواپس لانا ممکن ہوجائےگا، لوٹی دولت واپس لانے کیلئے سعودی عرب اور سوئس بینکوں سے بھی جلد معاہدہ کریں گے۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 17 ستمبر 2018 19:42

قانون کا ہاتھ مجرموں کی گردنوں تک ضرور پہنچےگا،فواد چودھری
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17ستمبر 2018ء) وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ قانون کا ہاتھ مجرموں کی گردنوں تک ضرور پہنچے گا، برطانیہ کیساتھ معاہدے پرعملدرآمد شروع ہوگیا ہے، اب اسحاق ڈار، حسن اور حسین نواز کوواپس لانا ممکن ہوجائے گا،لوٹی دولت واپس لانے کیلئے سعودی عرب اور سوئس بینکوں سے بھی معاہدہ کریں گے۔انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انصاف اور احتساب کا معاہدہ پردستخط ہونے سے متعلق بتایا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان معاہدہ اہمیت کا حامل ہے۔

برطانیہ کے ساتھ مجرموں کے تبادلے کے معاہدے پرعملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ امید ہے کہ اسحاق ڈار، حسن اور حسین نواز کوواپس لانا ممکن ہوجائے گا۔ اسحاق ڈار، حسن اور حسین نوازپاکستان کی عدالتوں کے مفرور ہیں۔

(جاری ہے)

تینوں کوپاکستان واپس لایا جائے گا۔ قانون کا ہاتھ مجرمان کی گردنوں تک ضرور پہنچے گا۔ فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان سے پیسا پہلے برطانیہ پھر یواے ای جاتا ہے۔

کرپشن کے پیسے کیخلاف پورے ملک میں قانون سازی ہوئی ہے۔ایم یو دستخط ہونے کے بعد اب پیسا غیرقانونی طریقے سے باہر نہیں جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ یقین ہے پاکستان کوبرطانیہ کے ساتھ ڈیل کا فائدہ ہوگا۔منی لانڈرنگ اور کرپشن کے خلاف پوری دنیا مئوثر آواز اٹھ رہی ہے۔پچھلی حکومتیں عالمی قوانین سے فائدہ نہیں اٹھاتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ بھی کرپشن کے معاملے پرمعاہدہ ہوگا۔

سعودی عرب سے معاہدے کیلئے بات چیت ہوئی ہے۔لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کیلئے سعودی عرب کے ساتھ جلد معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ سوئس حکومت کے ساتھ بھی معاہدے کیلئے تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں۔ معاہدے سے سوئس بینکوں میں لوٹی ہوئی دولت واپس لانے میں مدد ملے گی۔ماضی میں سوئس بینکوں کے ساتھ معاہدے میں تاخیری حربے استعمال کیے گئے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیر اعظم ہائوس میں نیلام کی گئیں گاڑیاں مارکیٹ قیمت سے زیادہ فروخت ہوئیں، گاڑیوں کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائیگی۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ ہم نے عوام کو ریلیف دینا ہے اور عوام کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں اب تک 70گاڑیوں کی نیلامی ہو چکی ہے۔

ان گاڑیوں کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی ۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ہم نے کام شروع کر دیا ہے۔ گورنر ہاؤسز کو بھی عام عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے ،ْپہلی بار عام لوگوں نے گورنر ہاؤسز کو دیکھا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کو ریلیف دینا ہے اور عوام کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات