میئر اسلام آباد کا بلیو ایریا میں روڈ کارپیٹنگ کے کام کا افتتاح

پیر 17 ستمبر 2018 21:43

میئر اسلام آباد کا بلیو ایریا میں روڈ کارپیٹنگ کے کام کا افتتاح
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے پیر کے روز اسلام آباد کے معروف تجارتی علاقے بلیو ایریا میں روڈ کارپیٹنگ کے کام کا افتتاح کیا، اس موقع پر بلیو ایریاکے تاجر رہنمائوں کے علاوہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کے ڈائریکٹر ایم پی او عمر صغیر رانا اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن کے پورے اسلام آباد کی بڑی چھوٹی سڑکوں کی کارپیٹنگ کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور اب تک اسلا م آباد کی آئی نائن ایونیو سمیت چھوٹی بڑی سڑکوں اور سیکٹروں کے اندر کی سڑکوں کی کارپیٹنگ مکمل کی جا چکی ہے ۔

(جاری ہے)

میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ بلیو ایریا میں جناح ایونیو کے ساتھ چار کلومیٹر طویل اور 52 فٹ چوڑی سروس روڈ نارتھ، بلیو ایریا کے ساتھ کی ساڑھے چار کلو میٹر طویل اور 36 فٹ چوڑی سروس روڈ سائوتھ کی کارپیٹنگ کے کام کا آج آغاز کر دیا گیا ہے اور ایک ماہ میں اسے مکمل کیا جائے گا۔

میئر اسلام آباد نے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ بلیو ایریا کی پارکنگ ایریا میں بھی کارپیٹنگ کی جائے۔ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ جب سے میٹروپولیٹین کارپوریشن کی ایم پی او ونگ کو فعال کیا گیا ہے۔ اُس وقت سے ایم سی آئی کو کروڑوں روپے کی بچت ہوئی ہے کیونکہ ماضی میں یہی کام اپنی مشینری کو نظر انداز کر کے کنٹریکٹر سے کروایا جاتا تھا۔

میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے بتایا کہ یکم مارچ2018 ؁ء سے آج تک سیکٹر آئی ایٹ کی ساڑھے پانچ کلو میٹر طویل سڑکوں،سیکٹر آئی نائن کی تقریباً 2 کلو میٹر طویل جی سیریز کے سیکٹروں کی دو کلو میٹر ، ایف سیریز کے سیکٹروں کی سات کلومیٹر جبکہ سیونتھ ایونیو کے دونوں اطراف کی 12 کلو میٹر سڑک کی کارپیٹنگ کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے اسلام آباد کی سڑکوں کی کارپیٹنگ کے لیے بنائے جانے والے جامع منصوبہ پر تیزی سے کام کر کے مکمل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :