قائد ایوان نے وزیراعظم کے انتخاب کے موقع پر قائد حزب اختلاف کو یقین دہانی کرائی تھی کہ دھاندلی کے حوالہ سے پارلیمانی کمیشن بنایا جائے گا، خواجہ آصف

پیر 17 ستمبر 2018 22:03

قائد ایوان نے وزیراعظم کے انتخاب کے موقع پر قائد حزب اختلاف کو یقین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ قائد ایوان نے وزیراعظم کے انتخاب کے موقع پر قائد حزب اختلاف کو یقین دہانی کرائی تھی کہ دھاندلی کے حوالہ سے پارلیمانی کمیشن بنایا جائے گا، صدارتی خطاب سے قبل سپیکر سے فلور مانگا مگر فلور اس لئے نہیں دیا کہ قواعد اجازت نہیں دیتے، ایسی مثال پہلے موجود ہے، مجبوراً ہمیں واک آئوٹ کرنا پڑا۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر سابق سپیکر سردار ایاز صادق و مسلم لیگ (ن) کے دیگر اراکین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ صدارتی خطاب سے قبل سپیکر قومی اسمبلی سے بات کرنے کیلئے فلور مانگا مگر فلور اس لئے نہیں دیا گیا کہ قواعد اجازت نہیں دیتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ایسی مثال موجود ہے، شاہ محمود قریشی کو ایاز صادق نے اجازت دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ آج مجبوراً ہمیں واک آئوٹ کرنا پڑا، ہم کہنا چاہتے تھے کہ جس دن وزیراعظم کا انتخاب تھا قائد ایوان نے قائد حزب اختلاف کو یقین دہانی کرائی تھی کہ دھاندلی پر پارلیمانی کمیشن بنائیں گے ہم انہیں صرف یہ کہنا چاہتے تھے کہ وعدے کو ایک ماہ ہو گیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ آرام سے چلے، کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں یہ مسئلہ بھرپور اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دھاندلی پر کمیشن جلد قائم ہو اور اپنا کام شروع کرے۔