آرٹیکل 6 کی بات ہورہی ہے تو سب سے پہلے مشرف کیس کی بات ہونی چاہیے ،ْبلاول

کالا باغ ڈیم پر صوبوں اور بہت سے لوگوں کو اعتراضات ہیں ،ْحکومت نے انتخابی دھاندلی پر پارلیمانی کمیشن نہ بنایا تو اپوزیشن کی متفقہ حکمت عملی پرغور ہوسکتا ہے ،ْچیئرمین پیپلزپارٹی

پیر 17 ستمبر 2018 22:27

آرٹیکل 6 کی بات ہورہی ہے تو سب سے پہلے مشرف کیس کی بات ہونی چاہیے ،ْبلاول
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ڈیمز کی مخالفت پر آرٹیکل 6 لگانے کی بات کی جا رہی ہے ،ْ آرٹیکل 6 کی بات ہورہی ہے تو سب سے پہلے مشرف کیس کی بات ہونی چاہیے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کالا باغ ڈیم پر صوبوں اور بہت سے لوگوں کو اعتراضات ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر کے خطاب میں انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے مطالبے کا ذکر نہیں کیا گیا ،ْحکومت نے پارلیمانی کمیشن نہ بنایا تو اپوزیشن کی متفقہ حکمت عملی پرغور ہوسکتا ہے۔بلاول بھٹو نے حکومت کوانتخابات میں دھاندلی پرکمیشن بنانے کیلئے (آج) منگل تک کی ڈیڈلائن دے دی اور کہا کہ دھاندلی پر پارلیمانی کمیشن نہ بنا تو پیپلز پارٹی احتجاج کرے گی۔علاوہ ازیں میاں نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے صحافی کے سوال کے جواب میں بلاول نے کہا کہ میں جنازوں پر سیاست نہیں کرتا، جب تعزیت کے لیے جاتا ہوں تو صرف تعزیت کرتا ہوں۔