صدر مملکت کے خطاب میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت ، امیر جماعة الدعوہ کی تعریف

حکومت کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا معاملہ بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اٹھائے ۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطہ میں امن قائم نہیں ہو سکتا، حافظ سعید احمد

پیر 17 ستمبر 2018 22:53

صدر مملکت کے خطاب میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت ، امیر جماعة ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2018ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت ، کرپشن کے خاتمہ اور ڈیموں کے تعمیرجیسے مسائل حل کرنے کا عزم ظاہر کرنے کو خوش آئندقرار دیا اور کہا ہے کہ حکومت کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا معاملہ بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اٹھائے ۔

اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطہ میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ بی جے پی سرکار کی سرپرستی میں بھارتی فوج نے کشمیر میں دہشت گردی کی انتہا کر رکھی ہے۔ روزانہ کشمیریوں کو شہید اور ان کے گھروں کو بارود سے اڑایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

حریت قیادت نظر بند اور کشمیریو ں کی نماز جمعہ کی ادائیگی تک کی اجازت نہیں دی جارہی۔

کشمیری قوم پاکستان کو اپنا سب سے بڑا وکیل سمجھتی ہے اور سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہی ہے۔ ان حالات میں حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھائے اور انڈیا کی ریاستی دہشت گردی کو صحیح معنوں میں بے نقاب کیا جائے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ پاکستان کو مدینہ کی طرز پر ریاست بناناہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔

حکومت پاکستان خلوص نیت سے اس سلسلہ میں اقدامات اٹھائے پوری پاکستانی قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کرپشن کے ناسور نے ملک کو شدیدنقصانات سے دوچار کیا اور بیرونی قرضوں نے ملکی معیشت کو برباد کر کے رکھ دیا ہے۔ حکومت پاکستان کی طرف سے ملک سے کرپشن ختم کرنے اور ڈیموں کی تعمیر جیسے مسائل پر سنجیدگی سے کوششوں کی پوری پاکستانی قوم تائید کرتی ہے۔ وطن عزیز پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے فی الفور ڈیموں کی تعمیر بہت ضروری ہے۔