صدر مملکت کے خطاب میں کرپشن،بے روزگاری،تعلیم و صحت اور پانی کے مسائل سنجیدگی سے حل کرنے کا اعلان خوش آئند ہے ، صدر ملی مسلم لیگ

پیر 17 ستمبر 2018 22:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2018ء) ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد،سیکرٹری جنرل محمد یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران کرپشن،بے روزگاری،تعلیم و صحت اور پانی کے مسائل سنجیدگی سے حل کرنے کا اعلان خوش آئند ہے۔پاکستان کو مدینے کی طرز پر ریاست بنانے کا عزم ہر محب وطن پاکستانی کی آواز ہے۔

کرپشن کے خاتمے سے ملکی معیشت میں ترقی ہو گی۔صدر پاکستان کے خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے سیف اللہ خالد،محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی نے اجلاس میں کرپشن،بے روزگاری،تعلیم و صحت،خواتین اور نوجوانوں کے مسائل،پانی کی قلت پر خطاب میں گفتگو کی۔پہلی بار ایسا ہوا کہ صدر مملکت نے حکومت کی تعریفوں کی بجائے مسائل پر خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

حکومت کو ان کے حل کے لئے اقدام کرنے چاہئے۔

بے روزگاری بہت بڑا مسئلہ ہے۔نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے پھررہے ہیں لیکن ان کو ملازمت نہیں مل رہی۔بے روزگاری کے خاتمے کے لئے حکومت پالیسی بنائے۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کا اپنے خطاب میں افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے سے پاک فوج کے جوانوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔پاک فوج دنیا کی بہادر ترین فوج ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دیں۔پاکستانی قوم افواج پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ اور پاکستان کو مدینہ کی طرز پر ریاست بنانے کے لئے ضروری ہے کہ سودی نظام کا خاتمہ کیا جائے۔آئی ایم ایف،ورلڈ بینک سے چھٹکارا حاصل کیا جائے ۔سودی نظام کے خاتمے سے پاکستان کی معیشت بہتر ہو گی ۔