قائد اعظم ٹرافی، ایس این جی پی ایل نے اسلام آباد کے خلاف پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 591 رنز بنا کر 483 رنز کی برتری حاصل کر لی،

اسد شفیق کی ناقابل شکست ڈبل سنچری، افتخار اور رضوان کی سنچریاں، پی ٹی وی کی ٹیم راولپنڈی کے خلاف فالو آن کا شکار

پیر 17 ستمبر 2018 22:56

قائد اعظم ٹرافی، ایس این جی پی ایل نے اسلام آباد کے خلاف پہلی اننگز ..
راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) قائد اعظم کرکٹ ٹرافی کے تیسرے مرحلے میں ایس این جی پی ایل نے اسلام آباد کے خلاف دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 591 رنز بنا کر مجموعی طور پر 483 رنز کی برتری حاصل کر لی، اسد شفیق نے شاندار ڈبل سنچری سکور کی اور 221 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں، محمد رضوان اور افتخار احمد نے سنچریاں سکور کیں، پی ٹی وی کی ٹیم راولپنڈی کے خلاف فالو آن کا شکار ہو گئی، پی ٹی وی کی ٹیم راولپنڈی کی پہلی اننگز 392 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 108 رنز پر ڈھیر ہو گئی، توثیق شاہ نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

پیر کو ڈائمنڈ کلب گرائونڈ اسلام آباد میں ایس این جی پی ایل نے 196 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو اسدشفیق 38 اور افتخار احمد 20 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کا بھرکس نکال دیا، افتخار احمد 113 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے لیکن اسد شفیق نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور شاندار ڈبل سنچری سکور بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو ایس این جی پی ایل نے 4 وکٹوں پر 591 رنز بنا کر مجموعی طور پر 483 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، اسد شفیق 221 اور رضوان 109 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ میں راولپنڈی کی ٹیم پہلی اننگز میں 392 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، عثمان سعید نے 59 رنز بنائے، تابش خان نے 4 اور عامر جمال نے 3 وکٹیں لیں، جواب میں پی ٹی وی کی ٹیم پہلی اننگز میں 116 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا، 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، توثیق شاہ نے 5 حسیب اعظم نے 3 اور سعد الطاف نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔