آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی ہم منصب کی ملاقات

خطے کی سکیورٹی پاک چین اقتصادی راہداری اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال

پیر 17 ستمبر 2018 23:03

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی ہم منصب کی ملاقات
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2018ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی ہم منصب نے ملاقات کی ہے جس میں خطے کی سکیورٹی پاک چین اقتصادی راہداری اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دورہ چین کے دوران پیپلز لبریشن آرمی چین کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے چینی مسلح افواج کے سربراہ جنرل ہان ویگو سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے اور اقتصادی راہداری کی سکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پیپلز لبریشن آرمی چین کے سربراہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاک فوج نے بے پناہ مہارت کا مظاہرہ کیا انہوں نے پاک فوج کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے تجربے سے استفادے کا خواہاں ہے۔ سی پیک کے لئے بھی پاک فوج کی سکیورٹی کا معیار قابل تعریف ہے۔ چینی آرمی چیف نے دو طرفہ تعاون کے مزید فروغ کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ آرمی چیف نے ہا کہ دونوں ممالک کی مسلح افواج میں تعاون بڑھایا جا سکتا ہے ۔ آرمی چیف آج منگل کو وائس چیئر مین سنٹرل ملٹری کمیشن سے ملاقات کریں گے۔