شہر میں ٹریفک کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں ،کمشنر کوئٹہ

پیر 17 ستمبر 2018 23:18

کوئٹہ۔ 17ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں ۔ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے قیام اور بلڈنگ کوڈایکٹ کے نفاذکے حوالے سے سمری آخری مراحل میں ہے۔پارکنگ اور ریڑھی بانوں کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں مخصوص جگہیں مہیا کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی بہتری اور مسائل کے حل کے سلسلے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں،مئیر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر)طاہر ظفر عباسی ،سی سی پی اوکوئٹہ عبدالرزاق چیمہ ،ڈائریکٹر جنرل کیو ڈی اے محمد فاروق لانگو،ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ معین الدین ،ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ نذیر کرد، چیف میٹروپولٹین کارپوریشن محمد اعظم، سیکرٹری آرٹی اے حبیب اللہ،انجینئر کیوڈی اے سلیم رضا اور انجینئر کیو ایم سی کوئٹہ عبدالحق بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی بہتری اور مسائل کے خاتمے کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات اور فیصلوں کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژ ن نے کہاکہ شہر میں تمام شاہراہوں پر پارکنگ کے لئے متبادل انتظام اور سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ غلط پارکنگ کے روک تھام کے سلسلے میں موثر اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لئے تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہے اس کے علاوہ ریڑھیوں کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں خصوصی جگہیں مقررکی جائیں تاکہ شہر میں ریڑھیوں کا نقل وحمل بند ہوسکے۔

انہوں نے کہاکہ شہر میں غیر قانونی گاڑیوں اور رکشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ ان کی وجہ سے رش کی صورتحال پیدا ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ شہر میں بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ا س سلسلے میں بلڈنگ کوڈ ایکٹ میں ترمیم کے بعد ان کو ہر صورت لاگو کیا جائے گا۔شہر میں صفائی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کے لئے جدید گاڑیاں اور مشینری لائی گئی ہے لیکن افسوسناک امرہے کہ عوام کچرہ کوڑادان میں پھینکنے کے بجائے باہر سٹرک پر پھینک دیتے ہیں جس سے کوڑا دانوں کی افادیت بے کار ہوجاتی ہے اس سلسلے میں عوام میں شعورآگاہی پید ا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے گھروں کا کچرہ کوڑا دان میں ڈالیں۔

انہوں نے کہاکہ شہر میں ٹریفک کی بہتری کے لئے شاہراہو ں کی توسیع،چوارہوں کی کشادگی ،تجاوزات کے خاتمے اور غیرقانونی گاڑیوں اور رکشوں کے خلاف اقدامات اٹھانا ناگزیر ہوچکے ہیں۔