حکومت مسائل میں گھرے عوام کامزید امتحان نہ لے،مفتی غلام غوث بغدادی

کراچی کھنڈر بن چکا سندھ اجڑ چکا مختصر منصوبوں پرکام کیا جائے، سندھ کے مشاورتی اجلاس سے خطاب

پیر 17 ستمبر 2018 23:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2018ء) تحریک لبیک پاکستان سندھ کے امیر مفتی غلام غوث بغدادی نے کہا ہے کہ عوامی بہبود پر سیاست چمکانے کا وقت نہیں ہے کراچی کھنڈر بن چکا سندھ اجڑ چکا سندھ کی بحالی کیلئے جو لوگ پندرہ سال سے کچھ نہیں کرسکے وہ مسائل میں گھرے عوام کا مزید امتحان نہ لیں کراچی اور سندھ کی بحالی کیلئے مختصر المعیاد اور طویل المدت منصوبوں اور نئے بلدیاتی انتخابات کی فوری ضرورت ہے۔

وہ سندھ کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں ٹی ایل پی کے اراکین سندھ اسمبلی مفتی محمد قاسم فخری،محمدیونس سومروبھی موجود تھے، مفتی غلام غوث بغدادی نے کہا کہ سندھ میں جمہوری نظام سے زیاددہ زرداری خاندان کی بادشاہت ہے۔جہاں منتخب وزیراعلیٰ صوبہ میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ایمرجنسی ڈیکلیر کرکے بھی ان شعبوں میں اصلاحات نہ کرسکے اس سے ہی سندھ کے جمہوری نظام کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ اندرون سندھ نہروں کو پکا کرنے اور صاف پانی کے فلٹریشن جیسے منصوبوں کا زمین پر کہیں کوئی نشان نہیں غریب ہاریوں کا گنامن مانی قیمت پر لینے کیلئے وقت پر شوگرملوں کا نہ چلنے دینا اور پھر قائم علی شاہ کے دور کے پانچ میڈیکل کالجز کی تعمیرمکمل نہ ہونے کے باوجود ہالہ میں بغیر اسکللڈ افرادی قوت کے کالج نا بنانے کا اعلان فنڈز کو کمیشن اور رشوت کی نذر کرنے کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔

پہلے وزیراعلیٰ اندرون سندھ کے جن اسکولوں میں اوطاقیں اور مویشیوں کے باڑے بنے ہوئے ہیں ان اسکولوں کوفعال کرلیں۔سندھ کے تمام سرکاری میڈیکل کالجوں کو میڈیکل یونیورسٹی کا درجہ دے کر طبی تعلیم کے معیار کا پہلا ہی جنازہ جاچکا ہے جب کے لیاری کے غریب عوام پانی،بجلی اور گیس جیسی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں اور صوبائی حکومت صوبے کے غریب عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے بجائے ایک بار پھر زبانی جمع خرچ کی سیاست کررہی ہے۔