Live Updates

تحریک انصاف کی حکومت نے سیاسی اشتراک کی طرف مصالحانہ طرز عمل کو فروغ دیا ہے،

وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کی دہانی کرائی ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب مثبت اور جامع ہے بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال کا ’’اے پی پی‘‘ کو خصوصی انٹرویو

پیر 17 ستمبر 2018 23:28

تحریک انصاف کی حکومت نے سیاسی اشتراک کی طرف مصالحانہ طرز عمل کو فروغ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے سیاسی اشتراک کی طرف مصالحانہ طرز عمل کو فروغ دیا ہے، وزیراعظم عمران خان سے آج کی ملاقات میں بلوچستان کے مسائل کو حل سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی جس وزیر اعظم نے اپنے ہر ممکن تعاون کی دہانی کرائی ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب مثبت اور جامع ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خطاب کے بعد ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سوچ انتہائی مثبت ہے، امید ہے تحریک انصاف پاکستان کو ترقی کے سفر پر گامزن کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف فیڈریشن پر یقین رکھتی ہے، ہمیں امید ہے کہ فیڈریشن کا جو کردار ہوتا ہے، تحریک انصاف کی حکومت اسے بھرپور انداز میں نبھائے گی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پانی کے ذخائر اس وقت ملک کی بقاء کے لئے بے حد ضروری ہیں، بلوچستان سالہاسال سے پانی کی کمی کا شکار ہے، خشک سالی سے بلوچستان کے عوام بدحالی کا شکار ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت پانی کی فراہمی کے لئے نئے ڈیموں کی تعمیر کے سلسلے میں کیا طریقہ کار اختیار کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں حکومتوں نے بلوچستان کو نظر انداز کیا۔

تحریک انصاف اگر بلوچستان کو ساتھ لے کر چلنے کا ارادہ رکھتی ہے تو پھر حقیقت پسندانہ نظر سے بلوچستان کے مسائل کو دیکھنا ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بدعنوانی اس ملک کو دیمک کی طرح چاٹ کر جڑوں سے کھوکھلا کر رہی ہے، بلوچستان کی حکومت کرپشن پر کسی بھی طرح سمجھوتہ نہیں کرے گی، کرپشن کے خاتمے کے لئے بلوچستان نے بیوروکریسی اور سیاسی سطح پر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے سی ایم انسپیکشن سیل کو نظر انداز کیا، مگر ہم نے اس کو فعال کر دیا ہے، جہاں کرپشن ہو گی وہاں آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ناراض سرداروں کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر جام کمال نے کہا کہ تمام سردار راضی ہو گئے ہیں، اگر کچھ بچ گئے ہیں تو انہیں بھی جلد رضا مند کر کے قومی دھارے میں شامل کر لیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات