آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بیجنگ میں پیپلز لبریشن آرمی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

پی ایل اے کے سربراہ جنرل ہان وائیگو سے ملاقات، علاقائی سلامتی کی صورتحال، سی پیک کی سکیورٹی اور دوطرفہ سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا

پیر 17 ستمبر 2018 23:30

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بیجنگ میں پیپلز لبریشن آرمی ہیڈ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو بیجنگ میں پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل ای) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور پی ایل اے کے سربراہ جنرل ہان وائیگو سے ملاقات کی۔ انہوں نے علاقائی سلامتی کی صورتحال، سی پیک کی سکیورٹی اور دوطرفہ سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ایل اے کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی اعلیٰ پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا اور اس کو سراہا۔ انہوں نے پاک فوج کی جانب سے سی پیک کے لئے فراہم کی جانیوالی سکیورٹی کے معیار کی بھی تعریف کی۔ چینی جنرل نے پاک فوج کے جنگی تجربات سے استفادہ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور باہمی دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کی مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں اور ان میں مزید وسعت پیدا کرنے کے مواقع موجود ہیں۔ قبل ازیں پی ایل اے ہیڈ کوارٹرز آمد پر جنرل قمر جاوید باجوہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ آرمی چیف کی (آج) منگل کو وائس چیئرمین سنٹرل ملٹری کمیشن جنرل ژانگ ژویا سے بھی ملاقات طے ہے۔