Live Updates

وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانرواشاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر 18 اور 19 ستمبر کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے

پیر 17 ستمبر 2018 23:32

وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانرواشاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر 18 اور 19 ستمبر کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ پیر کو وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے دوطرفہ ملاقات کریں گے۔ سعودی شاہ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں سرکاری عشائیہ بھی دیا جائے گا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزراء اپنے اپنے ہم منصبوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان وزیر خارجہ کے ہمراہ اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثمین سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم روضہ رسول ؐ پر حاضری دیں گے اور عمرہ ادا کریں گے۔ وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ 19 ستمبر کی شام ابوظہبی پہنچیں گے جہاں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زید النہیان ان کا استقبال کریں گے۔ وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔ دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات