سپریم کورٹ نے اقلیتی برادری کے بنیادی حقوق سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی کر دی

پیر 17 ستمبر 2018 23:44

سپریم کورٹ نے اقلیتی برادری کے بنیادی حقوق سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) سپریم کورٹ نے اقلیتی برادری کے بنیادی حقوق سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل ا س حوالے سے عدالتی فیصلے پرعملدآمد کا چارٹ بنا کر پیش کر یں۔ پیرکوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اقلیتی برادری کے بنیادی حقوق سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

ا س موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت بنیادی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے فیصلہ دے چکی ہے، ہمیں اب صرف یہ بتایا جائے کہ عدالتی فیصلے پرکس حدتک عملدرآمد کرلیا گیا ہے ، جس پرایڈیشنل اٹارنی جنرل نیئررضوی نے پیش ہوکرعدالت کوبتایا کہ نصاب میں بنیادی حقوق کے معاملات شامل کر دئیے گئے ہیں، جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی فیصلے پرعملدآمد کی رپورٹ تحریری صورت میں عدالت میں جمع کرائی جائے۔

جسٹس اعجا زالاحسن نے کہاکہ عدالت اقلیتی برادری کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے 7سے 8 سفارشات دے چکی ہے ، کیاان پر بھی عملدرآمد کرلیا گیا ہے ، جس پرایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے مہلت دینے کی استدعا کی اورکہا کہ آئندہ سماعت پرعدالت کوفیصلے پر عمل درآمد کامکمل چارٹ بنا کر پیش کر جائے گا، کیس کی مزید سماعت محرم کے بعد ہو گی۔