Live Updates

برطانیہ میں گرفتار ہونے والی پاکستانی سیاسی شخصیت کا نام سامنے آگیا

ٹڈاپ اسکینڈل میں نامزد فرحان جونیجو پر ایف آئی اے کراچی کی جانب سے 25 مقدمات درج کیے گئے جن کی تحقیقات جاری ہیں

muhammad ali محمد علی پیر 17 ستمبر 2018 23:26

برطانیہ میں گرفتار ہونے والی پاکستانی سیاسی شخصیت کا نام سامنے آگیا
لندن (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-17 ستمبر 2018ء) برطانیہ میں گرفتار ہونے والی پاکستانی سیاسی شخصیت کا نام سامنے آگیا، ٹڈاپ اسکینڈل میں نامزد فرحان جونیجو پر ایف آئی اے کراچی کی جانب سے 25 مقدمات درج کیے گئے جن کی تحقیقات جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوئے لگ بھگ ایک ماہ ہو چکا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو جہاں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں ان میں سے ایک بڑا چیلنج ملک سے باہر موجود پاکستانی پیسے کو ملک میں واپس لانا ہے۔

اس ضمن میں حکومت نے زبردست اقدام اٹھاتے ہوئے برطانوی حکومت سے بات چیت شروع کر دی ہے۔برطانوی ہائی کمشنر نے اپنی پہلی ہی ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کو ہر قسم کے تعاون کا عندیہ دے دیا تھا۔ جبکہ پیر کے روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرمان کے تبادلے اور لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے تازہ ترین خبر ہے کہ برطانیہ میں موجود ایک پاکستانی سیاستدان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔پاکستانی سیاستدان کو منی لانڈرنگ کے الزامات میں گرفتار کیا ہے۔اب سیاسی شخصیت کا نام بھی سامنے آگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے پاکستانی سیاسی شخصیت کا نام فرحان جونیجو ہے اور اس کی عمر 40 سال ہے۔برطانیہ کی نیشل کرائم ایجنسی نے منی لانڈرنگ میں ملوث فرحان جونیجو کو گرفتار کیا۔

اس موقع پر انکی 30 سالہ اہلیہ کو بھی گرفتار کیا گیا ۔یہ دونوں میاں بیوی لندن میں 80 لاکھ پاونڈ کے اثاثے رکھتے ہیں اور انکے پاس ان اثاثوں کی کوئی قانونی دستاویزات موجود نہیں تھیں۔ ذرائع کے مطابق فرحان جونیجو ٹڈاپ اسکینڈل میں نامزد ہے اور اس پر ایف آئی اے کراچی کی جانب سے 25 مقدمات درج کیے گئے جن کی تحقیقات جاری ہیں۔ اس حوالے سے پاکستانی اور برطانوی حکام کے درمیان معلومات کا تبادلہ کیا گیا جس کے بعد فرحان جونیجو کی گرفتاری عمل میں آئی۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ فرحان جونیجو پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما امین فہیم کا فرنٹ مین تھا۔ جبکہ ٹڈاپ اسکینڈل میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی نامزد ہیں۔ فرحان جونیجو 2013 میں ٹڈاپ اسکینڈل میں کروڑوں روپے لوٹ کر امریکا فرار ہوگیا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات