پاکستان برطانیہ معاہدہ مختلف مقدمات میں مطلوب مجرموں کو وطن واپس لانے کے لئے مفید اور انتہائی اہمیت کا حامل ہے،مفاہمتی یادداشت کے بعد کوئی شخص منی لانڈرنگ اور ملکی دولت غیر ممالک لے جانے کی جرأت نہیں کرے گا،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 18 ستمبر 2018 01:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ معاہدہ مختلف مقدمات میں مطلوب مجرموں کو وطن واپس لانے کے لئے مفید اور انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کے بعد کوئی شخص منی لانڈرنگ اور ملکی دولت پاکستان سے غیر ممالک لے جانے کی جرأت نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ ماضی میں بدعنوان عناصر پاکستان سے برطانیہ اور متحدہ عرب امارات منی لانڈرنگ میں ملوث تھے۔ یورپی ممالک اور امریکہ نے پہلے ہی کرپشن کے خلاف قوانین بنا دیئے تھے لیکن پاکستان کی سابقہ حکومتیں ان سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدعنوان عناصر نے منی لانڈرنگ کے ذریعے لندن میں جائیدادیں خریدی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اشتہاری مجرموں کو واپس لانے کے لئے اقدامات کئے جا چکے ہیں، معاہدہ کے تحت حسن نواز، حسین نواز اور اسحاق ڈار سمیت دیگر مطلوبہ افراد کو واپس لایا جا سکے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اور کرپشن کے حوالے سے سعودی عرب کے ساتھ بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پہلے ہی کرپشن کے خلاف مہم شروع ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ سوئس بینکوں تک رسائی حاصل کرنے کے لئے سوئٹزرلینڈ معاہدہ پاکستان کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔