Live Updates

وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کیا کرنے جا رہے ہیں؟

معروف صحافی نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بتا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 ستمبر 2018 11:15

وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کیا کرنے جا رہے ہیں؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی رؤف کلاسرا نے کہا کہ ہمارے یہاں جو بھی وزیراعظم بنتا ہے وہ سعودی عرب چلا جاتا ہے جس کی وجہ سے یہ ایک تاثر بن گیا ہے کہ ہمارے حکمران وہاں پیسے مانگنے جاتے ہیں۔ رؤف کلاسرا نے کہا کہ سعودی عرب کا نظام حکومت اب بدل چکا ہے ، اب یہ شاہ عبد اللہ والا نظام حکومت نہیں ہے۔

رؤف کلاسرا نے وفاقی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے تو وہاں اپنے بندے پکڑے، سب کو ایک ہوٹل میں بند کیا اور ان سے پیسے نکلوالیے ، انہوں نے آپ کی طرح غریب عوام سے پیسے نہیں نکلوائے۔ انہوں نے سب سے پیسے نکلوا کر سب کو چھوڑا۔مجھے یہ سمجھ نہیں آرہی کہ جس نے خود اپنے ملک میں اس طرح سے پیسے نکلوائے ہیں ان سے یہ لوگ اُمید لگائے بیٹھے ہیں کہ وہ 10 ارب روپے کی کوئی خیرات ان کو دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ہماری حکومت صحیح طور سے احتساب کرے تو یہ تمام پیسے ہمارے ہی ملک سے نکل سکتے ہیں۔ عمران خان اگر اس ملک کے لیے کچھ اچھا کر سکتے ہیں تو انہیں قانونی طریقے سے سعودیوں سے معاہدے لینے چاہئیں، کہ ہمیں ایک ڈیڑھ لاکھ لوگ وہاں بھیجنے دیں، وزیراعظم عمران خان جہاں سعودی حکام سے دیگر معاملات پر بات کریں گے وہیں ان کو سعودی حکام سے مستقل بنیادوں پر بھی کچھ درخواست کرنی چاہئیے کہ اگر دو ڈھائی لاکھ پاکستانی مزدوروں کو وہ وہاں ایڈجسٹ کر لیں تو اس سے فائدہ ہو گا اور اس سے ترسیل زر میں بھی اضافہ ہو گا۔

خیال رہے کہ عمران خان وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر آج سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے ، وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کو اہم قراردیا جا رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات