ولید اقبال کو وزیراعظم عمران خان کا مشیر برائے سیاسی امور بنانے کا فیصلہ

ولید اقبال کو اس سے قبل سینیٹر بنائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل ستمبر 11:37

ولید اقبال کو وزیراعظم عمران خان کا مشیر برائے سیاسی امور بنانے کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف نے ولید اقبال کو وزیراعظم عمران خان کا مشیر بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ولید اقبال کو وزیراعظم عمران خان کا مشیر برائے سیاسی امور تعینات کیا جائے گا۔ ولید اقبال کو وزیراعظم عمران خان کا مشیر بنانے کا باقاعدہ نوٹی فکیشن دو سے تین روز تک جاری کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ولید اقبال کو این اے 131 کے ضمنی انتخاب میں ٹکٹ دینے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا جس کے بعد انہیں چودھری سرور کی خالی کردہ نشست پر سینیٹر بنانے کی خبریں بھی سامنے آئیں۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے عام انتخابات 2018ء میں پانچ حلقوں سے انتخاب لڑا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو پانچوں حلقوں سے ہی انتخاب جیت کر ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے این 53 اسلام آباد پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 43 پر ایم کیو ایم پاکستان کے علی رضا عابدی،،عمران خان میانوالی میں اپنے آبائی حلقہ این اے 95 میں مسلم لیگ ن کے عبید اللہ شادی خیل، لاہورکے حلقے این اے 131 پر مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور بنوں کے حلقہ این اے 35 سے متحدہ مجلس عمل کے اُمیدوار اکرم درانی کو شکست دی تھی۔

تاہم عمران خان نے میانوالی سے اپنے آبائی حلقہ این اے 95 کی نشست رکھنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد باقی تمام نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے ، ان حلقوں میں سے سب سے زیادہ زیر بحث لاہور کا حلقہ این اے 131 ہے۔ این اے 131 کی نشست پر حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے ہمایوں اختر خان اور پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدر ولید اقبال تیاریوں میں تھے۔

دونوں رہنماؤں نے اپنے طور پر این اے 131 میں انتخابی مہم بھی شروع کر دی تھی ۔ تاہم ذرائع کے مطابق اس حلقے میں پارٹی کے خفیہ سروے کے مطابق ہمایوں اختر کو پسندیدہ اُمیدوار قرار دیا گیا۔ جس کے بعد انہیں ٹکٹ دے دیا گیا۔ جبکہ دوسری جانب پاکستان تحریک اںصاف کے سربراہ اور وزیراعظم عمران خان نے ولید اقبال کو قومی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑوانے کی بجائے سینیٹر بنوانے کا فیصلہ کیا ۔

ذرائع نے بتایا کہ ولید اقبال کو گورنر پنجاب چودھری سرور کی خالی کردہ سینیٹ کی نشست پر سینیٹر منتخب کروایا جائے گا۔تاہم اب پارٹی نے ڈاکٹر وسیم شہزاد کو چودھری سرور کی خالی کردہ نشست پر اُمیدوار نامزد کر دیا ہے جبکہ ولید اقبال کو وزیراعظم عمران خان کا مشیر برائے سیاسی امور تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔