سلمان نے مزید ایک نئے چہرے کو بڑے پردے پر متعارف کرادیا

پرانوتن اداکار نوتن کی پوتی اور اداکار منیش بہل کی بیٹی ہیں جنہیں متعارف کرایاگیا نئی فلم کی ہدایتکاری نتن ککڑ کر رہے ہیں اور اسکی شوٹنگ پوری طرح سے کشمیر میں ہوگی

منگل 18 ستمبر 2018 11:44

سلمان نے مزید ایک نئے چہرے کو بڑے پردے پر متعارف کرادیا
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) بالی وڈ سپر سٹار سلمان خان نے فلم انڈسٹری میں جتنے نئے چہروں کو متعارف کرایا ہے اتنا شاید کسی دوسرے کے حصے میں نہیں آیا ہے۔لیکن اس کے ساتھ ان پر یہ الزام بھی لگ سکتا ہے کہ وہ بالی وڈ میں اقربا پروری کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔گذشتہ روز انھوں نے مزید ایک نئے چہرے کو متعارف کرایا ہے اور یہ چہرہ کوئی اور نہیں بلکہ اپنے زمانے کی معروف ہیروئن نوتن کی پوتی ہیں۔

ریس تھری کے اداکار سلمان خان نے اداکار منیش بہل کی بیٹی پرانوتن کو متعارف کراتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھاکہ یہ لو! ظہیرو کی ہیروئن مل گئی۔ سواگت (استقبال) کرو پرانوتن بہل کا۔ مجھے نوتن کی پوتی اور مونیا (یعنی منیش بہل) کی بیٹی کو بڑے سکرین پر پیش کرکے فخر محسوس ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

نوتن کی معروف فلموں میں ’’خاندان‘‘،’’ملن‘‘،’’سجاتا‘‘،’’بندنی‘‘،’’سوداگر‘‘،’’تیرے گھر کے سامنے‘‘، پیئنگ گیسٹ‘‘،’’سیما‘‘،’’میں تلسی تیرے آنگن کی‘‘،’’سرسوتی چندر‘‘، ’’کرما‘‘ اور میری جنگ وغیرہ شامل ہیں۔

انھیں چھ بار بہترین ادکارہ کا ایوارڈ دیا گیا جو اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔نوتن کے بیٹے منیشن بہل نے سلمان خان کے ساتھ بہت سی فلمیں میں کام کا ہے جن میں ’’میں نے پیار کیا‘‘،’’باغی‘‘،’’چندرمکھی‘‘،’’ہم آپ کے ہیں کون‘‘،’’صرف تم‘‘،’’ہم ساتھ ساتھ ہیں، ’’کہیں پیار نہ ہوجائے‘‘،‘‘'شادی کرکے پھنس گئے یار‘‘، اور’’جے ہو‘‘ شامل ہے۔

خیال رہے کہ اپنے بینر تلے بنائی جانے والی نئی فلم کے لیے سلمان خان نے اپنے بچپن کے دوست کے بیٹے ظہیر اقبال (عرف ظہیرو) کو رواں سال کے اوائل میں متعارف کرایا تھا اور انھیں متعارف کراتے ہوئے جہاں ان کی تصویر پوسٹ کی تھی وہاں ان کے والد اقبال کی بھی تصویر پوسٹ کی تھی۔سلمان خان پروڈکشن کی نئی فلم کی ہدایتکاری نتن ککڑ کر رہے ہیں اور اس کے بارے میں یہ بتایا گیا ہے کہ اس کی شوٹنگ پوری طرح سے کشمیر میں ہوگی۔