Live Updates

وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی ، خریداروں کی ہیلی کاپٹراور بھینسوں کی نیلامی میں دلچسپی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 ستمبر 2018 12:02

وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی ، خریداروں کی ہیلی کاپٹراور بھینسوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2018ء) : گذشتہ روز وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی ہوئی۔ نیلامی کی تقریب میں آئے شہریوں نے گاڑیوں سے زیادہ ہیلی کاپٹر اور بھینسوں کی نیلامی میں دلچسپی کا اظہار کیا لیکن گذشتہ روز صرف گاڑیوں کی ہی بولی لگائی گئی۔ تقریب کے منتظمین نے بتایا کہ گاڑیاں خریدنے کے لیے آنے والے افراد میں حکومت کی جانب سے 4 ہیلی کاپٹروں اور 8 بھینسوں کے بارے میں کافی تجسس تھا کہ ان کی نیلامی کب ہو گی، اس بارے میں منتظمین نے بتایا کہ تاریخ کی تصدیق بعد میں کی جائے گی لیکن امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نیلامی 27 ستمبر کو ہو گی۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم ہاؤس کی 102 گاڑیوں کی نیلامی کےپہلے روز ہی 62 گاڑیاں نیلام ہو گئیں جن میں سے مقامی طور پر تیار کردہ گاڑیاں تو فوری طور پر بُک کی گئیں ، تاہم بم ، بلٹ پروف اور دیگر لگژری گاڑیوں کی نیلامی میں حکومت کی توقعات پوری نہ ہو سکیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم ہاؤس کے ایڈمنسٹریٹر میجر آصف نے بتایا کہ اس نیلامی کی مدد سے 2 ارب روپے اکٹھے کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے روز میں 102 گاڑیوں میں سے صرف 62 گاڑیاں نیلام کرنے میں کامیاب ہو سکی جس کی مالیت صرف 18 کروڑ روپے ہے۔ نیلامی میں شرکت کے لیے آنے والوں کے لیے ایک پنڈال تیار کیا گیا تھا، جہاں کم و بیش 500 لوگ موجود تھے۔ گاڑیوں کی نیلامی کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں اب تک 70 گاڑیوں کی نیلامی ہو چکی ہے، یہ گاڑیاں مارکیٹ قیمت سے زیادہ فروخت ہوئی ہیں، انہوں نےکہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہم نے کام شروع کر دیا ہے۔

گورنر ہاؤسز کو بھی عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، پہلی مرتبہ عوام گورنر ہاؤسز دیکھ رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام کو ریلیف دینا ہے اور عوام کی بہتری کے لیے ہی کام کرنا ہے۔گاڑیوں کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم کو قومی خزانے میں جمع کروایا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات