دُبئی: گرل فرینڈ کو قتل کرنے والے شخص کو سات سال قید

مقتولہ مختلف بہانوں سے ملزم سے پیسے ہتھیاتی رہتی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 18 ستمبر 2018 12:18

دُبئی: گرل فرینڈ کو قتل کرنے والے شخص کو سات سال قید
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 ستمبر 2018ء) اپیل کورٹ نے ایک عرب کو سُنائی جانے والی دس سال قید کی سزا میں تخفیف کرتے ہوئے اسے سات سال تک محدود کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم کے ایک ایشیائی خاتون سے تعلقات اُستوار ہو گئے۔ ان دونوں کی ابتدائی ملاقات ایک نائٹ کلب میں ہوئی تھی جس کے بعد ملزم نے ایک دوبار خاتون کے فلیٹ پر بھی دادِ عیش دی۔

ان دونوں نے کچھ روز کے لیے مملکت سے باہر سیر و تفریح کا پروگرام بنایا۔ جب ان کی واپسی ہوئی تو مقتولہ نے ملزم سے 50 ہزار اماراتی درہم کی رقم یہ کہہ کر مانگی کہ وہ ایک سیلون کھولنا چاہتی ہے جس میں ملزم بھی اُس کا پارٹنر ہو گا۔ ملزم نے خاتون کو رقم دے دی، مگر اس کے بعد خاتون اُس سے ملنے میں ٹال مٹول سے کام لینے لگی۔ ملزم نے خاتون سے کہا کہ اگر وہ اُس کے ساتھ تعلق نہیں رکھنا چاہتی تو اُس کی رقم واپس کر دے۔

(جاری ہے)

مگر خاتون نے اُسے مسلسل نظر انداز کیے رکھا، جس پر ملزم نے خاتون کو خطرناک سبق سکھانے کا فیصلہ کیا۔ وہ خاتون کے فلیٹ پر گیا اور اُسے باتھ روم میں لے جا کر اُس کا گلہ گھونٹ دیا۔ جس کے بعد مقتولہ کی لاش کو ٹھکانے لگانے کی نیت سے ایک بیگ میں منتقل کیااور وہاں موجود ساڑھے چار ہزار درہم اور زیورات چوری کر لئے۔ ملزم خاتون کی لاش کو کہیں اور منتقل کرنا چاہتا تھا مگر ڈر کے باعث ایسا نہ کر سکا۔

اس کے بعد ملزم اپنے فلیٹ چلا گیا۔ خاتون ایک دفتر میں ملازمہ تھی۔ جب تین دِن تک خاتون دفتر نہ پہنچی تو اُس کے ساتھی ملازمین کو تشویش لاحق ہوئی۔ آخر پولیس کو مطلع کیا گیا۔ جس نے خاتون کے فلیٹ پر چھاپہ مار اُس کی لاش برآمد کر لی۔ مزید تفتیش سے ثابت ہوا کہ قتل کی اس بہیمانہ واردات میں خاتون کا سابقہ عاشق ملوث ہے۔ پولیس کی جانب سے گرفتار کیے جانے پر ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ ملزم کو پرائمری عدالت نے قتل کے جُرم میں دس سال قید اور ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا سُنائی تھی جس کے خلاف اپیل دائر کرنے پر سزا میں تین سال کی کمی کر دی گئی، تاہم ڈی پورٹ کی سزا برقرار رکھی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :