Live Updates

وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کو معاون خصوصی بنانے کا فیصلہ

زلفی بخاری وزارت اوور سیز پاکستان کے منسٹر انچارج ہوں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 ستمبر 2018 13:02

وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کو معاون خصوصی بنانے کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2018ء) : وزیراعظم عمران خان نے اپنوں پر نوازشات شروع کر دی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی کو معاون خصوصی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق زلفی بخاری وزارت اوورسیز پاکستان کے منسٹر انچارج ہوں گے ۔ عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق وزیراعظم عمران خان کی معاونت کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ زلفی بخاری کی تقرری کا نوٹی فکیشن عاشورہ کے بعد جاری کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ زلفی بخاری عمران خان کی این اے 53 میں چلائی جانے والی انتخابی مہم کے انچارج بھی تھے۔ خیال رہے کہ زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے انتہائی قریبی اور دیرینہ ساتھی ہیں۔ زلفی بخاری کو اکثر کئی مواقعوں پر عمران خان کے ہمراہ دیکھا گیا ہے ، یہی نہیں عمران خان کی نجی تقریبات جہاں ان کے اہل خانہ بھی ان کے ہمراہ نہیں ہوتے ، زلفی بخاری وہاں بھی عمران خان کے ساتھ موجود ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

زلفی بخاری کو معاون بنانے کے فیصلے پر سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ایسا کر کے یہ تاثر دیا ہے کہ وہ اپنے قریبی ساتھیوں کو نواز رہے ہیں۔ زلفی بخاری کے پاس کو برطانوی شہریت ہے اور کسی غیر ملکی کو وزیراعظم کا معاون بنانا قابل قبول نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی ایک خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عمران خان کے دیرینہ ساتھی کو برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر تعینات کر سکتی ہے۔

امکان ظاہر کیا گیا کہ چالیس سال سے عمران خان کے ساتھ رہنے والے ان کے قابل اعتبار ساتھی اور دوست صاحبزادہ جہانگیر برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کی جگہ لے سکتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ صاحبزادہ جہانگیر کو پاکستان تحریک انصاف کے اندر سے بھی کافی حمایت حاصل ہے۔ صاحبزادہ جہانگیر فوزیہ قصوری کے بھائی ہیں جو لندن میں گذشتہ 40 سال سے مقیم ہیں۔

عمران خان کے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لینے کےبعد صاحبزادہ جہانگیر کو کم و بیش 2 سے 3 مرتبہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ دیکھا گیا۔ اپنے قریبی ساتھیوں پر نوازشات کرنے پر سیاسی مبصرین نے عمران خان پر تنقید کی اور کہا کہ عمران خان کے ایسے فیصلوں کو دیکھ کر لگ رہا ہے کہ وہ بھی گذشتہ حکومتوں کی طرح اپنے قریبی ساتھیوں اور عزیزوں کو ہی نواز رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات