مسلم لیگ (ن) نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ پر پارلیمنٹ میں توجہ دلائو نوٹس جمع کرا دیا ہے، مریم اورنگزیب

منگل 18 ستمبر 2018 13:51

مسلم لیگ (ن) نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ پر پارلیمنٹ میں توجہ دلائو نوٹس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ پر پارلیمنٹ میں توجہ دلائو نوٹس جمع کرا دیا ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے عام آدمی متاثر ہوگا، گھریلو اور صنعتی صارفین بھی اس فیصلے سے متاثر ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) نے پارلیمنٹ میں توجہ دلائو نوٹس جمع کرا دیا ہے، ہم کسی بھی صورت میں عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھانے کی مذمت کریں گے اور اضافہ کے خلاف کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ہر اس پالیسی کی مخالفت کرے گی جس سے عوام متاثر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف قانون کی حکمرانی اور بالادستی کو فروغ دینے کیلئے وطن واپس آئے اور عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔