ابو ظہبی: کس ٹریفک قاعدے کی خلاف ورزی پر کتنا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا

پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر آگاہ کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 18 ستمبر 2018 13:30

ابو ظہبی: کس ٹریفک قاعدے کی خلاف ورزی پر کتنا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 ستمبر 2018ء) ابو ظہبی پولیس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے ڈرائیورز کو خبردار کیا ہے کہ وہ دورانِ ڈرائیونگ لین تبدیل کرتے یا موڑ کاٹتے وقت سگنلز کا استعمال ضرور کریں۔ تاکہ کسی خطرناک ٹریفک حادثے سے بچا جا سکے۔ اگر کوئی شخص لَین تبدیل کرتے وقت اشارے کا استعمال نہیں کرتا تو اُسے چار سو درہم کا جرمانہ بھُگتنا ہو گا۔

گزشتہ سال یکم جولائی سے 31 دسمبر کی مُدت کے دوران گیارہ ہزار ڈرائیورز کواس ٹریفک ضابطے کی خلاف ورزی پر جرمانے کے ٹکٹ تھمائے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال کرنے پر 800درہم کا جرمانہ اور چار بلیکس پوائنٹس کی سزا دی جاتی ہے۔ گاڑی کی آدھی کھڑکیوں تک سامان بھرنے کی صورت میں پندرہ سو درہم کا جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے، جبکہ 80کلومیٹر کی مقرر کردہ حدِ رفتار سے تجاوز کرنے والوں کو تین ہزار درہم کی خطیر رقم بطور جرمانہ ادا کرنا ہو گی، ڈرائیونگ لائسنس پر 23بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی ہوتا ہے، بات یہیں ختم نہیں ہوتی سب سے بڑھ کر گاڑی ساٹھ دِن کے لیے ضبط کر لی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

نشے کی حالت میں گاڑی چلانے پر بیس ہزار درہم کا جرمانہ یا جیل کی ہوا کھانی پڑے گی یا دونوں سزائیں اکٹھی بھی سُنائی جا سکتی ہیں، 23 بلیک پوائنٹس اور ساٹھ دِن کے لیے گاڑی کی ضبطی اس کے علاوہ ہے۔ زائد المیعاد ٹائرز کے استعمال اور گاڑی کو رجسٹریشن اور انشورنس کے بغیر چلانے پر پر پانچ سو درہم کا جرمانہ، چار بلیک پوائنٹس کا اندراج اور سات دِن کے لیے گاڑی کی ضبطی ہو جائے گی۔

ٹریفک لائٹس کا استعمال نہ کرنے پر ایک ہزار درہم، 12بلیک پوائنٹس اور ایک ماہ کے لیے گاڑی ضبط ہو گی۔ کار میں موجود تمام افراد کے لیے سیٹ بیلٹ باندھنا لازمی ہے ایسا نہ کرنے کی صورت میں چار سو درہم کا جرمانہ اور چار بلیک پوائنٹس کی سزا ہو گی۔ اجازت نامے کے بغیر گاڑی کو مسافروں کی ٹرانسپورٹیشن کے لیے کمرشل بنیادوں پر استعمال کرنے پر تین ہزار درہم کا بھاری جرمانہ بھرنا ہو گا، جبکہ جائے حادثہ پر گاڑی روک کر ٹریفک کی روانی کو متاثر کرنے پر ایک ہزار درہم جرمانہ اور چھ بلیک پوائنٹس بھُگتنا ہوں گے۔