سرفراز الیون نے بھارتی بلے بازو ں سے نمٹنے کا پلان بنا لیا

پاکستان کی بھارت پر چار فاسٹ بولرز سے ہلہ بولنے کی تیاری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 18 ستمبر 2018 14:08

سرفراز الیون نے بھارتی بلے بازو ں سے نمٹنے کا پلان بنا لیا
ابوظہبی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2018ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے اہم ترین میچ میں اپنے چار فاسٹ بولروں محمد عامر، عثمان شنواری، فہیم اشرف اور حسن علی کے ساتھ میدان میں ہلہ بولنے کی تیاری کررہی ہے۔ بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے عثمان شنواری کہتے ہیں کہ مجھے بھارت کے میچ کی اہمیت کا احساس ہے۔ پہلی بار بھارت کے خلاف کھیل رہا ہوں۔

ہانگ کانگ کےخلاف تین وکٹ لئے بھارت کے پانچ بیٹسمین آﺅٹ کرکے ایک اور میچ وننگ کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے موسم کی پرواہ نہیں۔ مجھے اس سال سے زیادہ گرم موسم پچھلے سال لگا تھا۔ پیر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عثمان شنواری نے کہا کہ بھارتی ٹیم دنیا کی نمبر ون ٹیم ہے۔ اس کے پاس کئی ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں۔

(جاری ہے)

شائقین بھی اس میچ کا شدت سے انتظار کررہے ہیں اور میں بھی اس میچ میں پانچ وکٹیں لے کر اس میچ کو یادگار بنانا چاہتا ہوں۔

مجھے اس میچ کی اہمیت کا اندازہ ہے اور اس میچ میں کارکردگی دکھاکر ہیرو بننا چاہتا ہوں۔ عثمان شنواری نے کہا کہ ہانگ کانگ کے میچ میں ناخن ٹوٹنے سے خون نکل رہا تھا اس لئے اوور نہیں کراسکا لیکن اب مکمل فٹ ہوں اور بڑے میچ کے لئے تیار ہوں۔ عثمان شنواری نے کہا کہ پاکستان کی قوت بولنگ ہے ہمارے بولر ورلڈ کلاس ہیں ٹیم میں آنے کےلئے سب محنت کررہے ہیں۔

بھارت کے خلاف میچ میں محمد عامر بھی کارکردگی دکھائے گا۔ضروری نہیں کہ ہر بولر ہر میچ میں وکٹ حاصل کرے۔ کئی بار آپ اچھی باﺅلنگ کرتے ہیں لیکن وکٹ نہیں ملتی کئی بار نارمل گیند پر وکٹ مل جاتی ہے۔ محمد عامر اچھی بولنگ کررہے ہیں بدقسمتی سے انہیں وکٹ نہیں مل رہی۔ بولنگ میں سخت مقابلے سے ہر بولر بھرپور محنت کررہا ہے۔ دبئی کی وکٹ سلو تھی ہانک کانگ کے خلاف میچ میں اپنی اسپیڈ پر انحصار کیا۔

بھارت نمبر ون ہے ہم کسی سے کم نہیں ہیں۔ابھی تین پہلے میچ پر فوکس کررہا ہوں۔ دوسری جانب پاکستان نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کے میچ والے کمبی نیشن کیساتھ بھارت کیخلاف میچ میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، بابراعظم، آصف علی، امام الحق، شعیب ملک، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، شاداب خان، عثمان شنواری پر مشتمل ہوگی۔