Live Updates

کچھ اینکرز کو خود بُلا کر وزیراعظم ہاؤس اور نیلامی کے لیے کھڑی گاڑیوں پر پروگرام کرنے کا کہا گیا

اینکر پرسن منصور علی خان کے الزام پر عمران خان کی میڈیا ٹیم کے ممبر کی منصور علی خان کو پیشکش

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 ستمبر 2018 14:10

کچھ اینکرز کو خود بُلا کر وزیراعظم ہاؤس اور نیلامی کے لیے کھڑی گاڑیوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2018ء) : وزیراعظم ہاؤس پر حال ہی میں مختلف ٹی وی چینلز نے پروگرامز کیے، جن میں وزیراعظم ہاؤس کے شاہانہ اور عالیشان طرز زندگی اور یہاں موجود سہولیات سے متعلق عوام کو بتایا گیا ۔ یہ پہلی مرتبہ تھا کہ کیمرے کی آنکھ وزیراعظم ہاؤس کے اندر تک گئی اور وہاں سابق وزرائے اعظم کے شاہانہ طرز زندگی اور ان کے بیڈ رومز ، ڈرائنگ رومز ، ڈائننگ رومز ، باتھ رومز اور کچن تک میں موجود سہولیات اور ان کے وسیع و عریض رقبے کو دکھایا گیا۔

عوام بھی وسیع و عریض رقبے پر محیط وزیراعظم ہاؤس کو دیکھ کر ہکا بکا رہ گئی۔ تاہم اب ان پروگرامز کے حوالے سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف اینکر پرسن منصور علی خان نے کہا کہ چند اینکرز کو پاکستان تحریک انصاف خود وزیراعظم ہاؤس لے کر گئی،اور ان سے درخواست کی گئی کہ نیلامی کے لیے جو گاڑیاں کھڑی ہوئی ہیں، برائے مہربانی ان پر پروگرام کر دیں۔

(جاری ہے)

اور جو وزیراعظم ہاؤس ہے اس پر بھی پروگرام کر دیں، ہم نے یہ دکھانا ہے کہ ہم کتنا بڑا کام کر رہے ہیں۔ منصور علی خان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغاز ہوا اور وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اس بحث کو دیکھتے ہوئے عمران خان کی میڈیا ٹیم کے ایک ممبر نے منصور علی خان کے الزامات کا جواب دیا۔

عمران خان کی میڈیا ٹیم کے ممبر بابر عطا نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ میرے عزیز دوست منصور بھائی ، آپ بالکل غلط کہہ رہے ہیں۔ ماریہ میمن نے مجھے فون کیا اور وزیراعظم ہاؤس میں پروگرام کرنے کی اجازت طلب کی۔ میں آپ کی اور ان تمام اینکرز کی مدد کرنے کو تیار ہوں جو وزیراعظم ہاؤس میں پروگرام کرنا چاہتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات