ریاض: ایماندار پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کا قابلِ تحسین اقدام

مسافر کا لاوارث سامان پولیس اسٹیشن پہنچا دِیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 18 ستمبر 2018 15:02

ریاض: ایماندار پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کا قابلِ تحسین اقدام
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 ستمبر 2018ء) سعودی مملکت میں لاکھوں پاکستانی روزگار کی غرض سے مقیم ہیں جو دِن رات محنت مزدوری کر کے اپنی اور وطن میں مقیم گھر والوں کی کفالت کرتے ہیں۔ ان میں سے کئی افراد ٹیکسی چلانے کا کام کرتے ہیں۔ گزشتہ دِنوں ایک پاکستانی ڈرائیور نے ایسا قابلِ تحسین کارنامہ انجام دیا جس نے تمام پاکستانی قوم کا سر فخر سے بُلند کر دیا ہے۔

نیاز معمول کے مطابق اپنا رزق کمانے کے لیے لیموزین ٹیکسی لے کر نکلا۔ سارے دِن کے دوران اُس کی ٹیکسی میں بہت سے افراد بیٹھے اور اُترے۔ شام کو جب وہ گھر پہنچا تو اُسے اپنی ٹیکسی میں کچھ قیمتی اشیاء نظر آئیں، وہ پریشان ہو گیا کہ یہ کس سواری کی تھیں کیونکہ دِن بھر بہت سے افراد نے اُس کی ٹیکسی استعمال کیا۔

(جاری ہے)

اسی شش و پنج میں اُس نے فیصلہ کیا کہ کیوں نہ قریبی پولیس اسٹیشن جایا جائے اور وہاں موجود پولیس اہلکاروں کو ساری صورتِ حال سے آگاہ کر کے نامعلوم مسافر کا قیمتی سامان اُن کے حوالے کر دیا جائے۔

سو اُس نے تمام قیمتی سامان تھانے دار کو سونپ دیا اور گھر واپس آ گیا۔ پولیس نے تمام سامان اصل مالک کو لوٹا دیا۔ جبکہ پولیس عہدے دار نے پاکستانی شخص کی ایمانداری کے بارے میں اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا۔ جب یہ بات ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز تک پہنچی تو انہوں نے پولیس کے ڈائریکٹر بریگیڈیر جنرل فہد المطیری کو ہدایت کی پاکستانی کے اس شاندار اقدام پر اُسے تعریفی سند اور تحفے سے نوازا جائے اور اس کے اس نیک کام کی تشہیر بھی کی جائے تاکہ معاشرے میں نیکی اور ایمانداری کی ترویج ہو سکے۔

سو نیاز بادشاہ نامی اس پاکستانی لیموزین ڈرائیور کو تعریفی سند اور تحفہ دیا گیا۔ اس موقع پر نیاز بادشاہ کا کہنا تھا کہ انسان کو پرایا سامان دیکھ کر لالچ کا شکار نہیں ہونا چاہیے کیونکہ یہ سامان اسی دُنیا میں رہ جانا ہے۔ چند روز کی زندگی کے لیے عاقبت کو خراب کرنا کہاں کی دانشمندی ہے۔ سوشل میڈیا کے صارفین کی جانب سے بھی نیاز بادشاہ کی اس ایمان داری کو بہت سراہا جا رہا ہے۔