Live Updates

شیخ رشید گیس کی قیمتیں بڑھانے پر اپنی ہی حکومت کے خلاف کھڑے ہوگئے

گیس کی قیمتیں نہ بڑھائی جائیں ،گیس کی قیمتیں بڑھنے سے روٹی کی قیمت میں اضافہ ہوگا اور گیس سے تیار ہونے والی تمام اشیاء مہنگی ہوں گی،وزیر ریلوے شیخ رشید

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 18 ستمبر 2018 15:06

شیخ رشید گیس کی قیمتیں بڑھانے پر اپنی ہی حکومت کے خلاف کھڑے ہوگئے
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 18ستمبر 2018ء ) : وزیر ریلوے شیخ رشید نے گیس کی قیمتوں کے معاملے پر اپنی ہی حکومت سے اختلاف ظاہر کرڈالا۔تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شیخ رشید نے اپنا موقف دیتے ہوئےکہا کہ آپ جو مرضی کہیں عوام آپ کی ان تشریحات کو قبول نہیں کرے گی۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ روز گیس کی قیمتیں بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔

اس ضمن میں وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 2013ء میں گیس کمپنیاں منافع پرچل رہی تھیں۔2018ء میں گیس کمپنیوں کو152ارب روپے خسارے کا سامنا ہے۔گیس نیٹ ورک پرپورے پاکستان میں 23فیصد لوگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2گیس کمپنیز کو352ارب روپے کا خسارہ ہے۔ایکسپورٹ کمپنی کوگیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ریلیف دیا ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری غلام سرور نے کہا کہ گیس بلوں میں مجموعی طور 20سے 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

عام آدمی کیلئے گیس میں 10سے 15روپے اضافہ کیا گیا۔100 کیوبک میٹر والے کا بل 480 روپے تھا اب وہ بل 551 روپے ہوگا۔جبکہ عام آدمی کیلئے 23 روپے فی ماہ گیس میں اضافہ ہوگا۔اسی طرح 50 کیوبک میٹر گیس استعمال کرنے پربل 252 تھا اب بڑھ جائے گا یعنی جو 252روپے کا بل دے رہا تھا اب وہ 275روپے بل دے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک ہزار 900 روپے گیس کا بل دینے والا2ہزار سے زیادہ بل ادا کرے گا۔

اس فیصلے کی منظوری پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی میں دی گئی تھی جسے بعد میں لاگو کیا گیا۔تاہم اس حوالے سے خبر یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔گیس کی قیمتیں بڑھانے کے معاملے پر سارے وزراء خاموش رہے لیکن شیخ رشید اکیلے ہی ساری کابینہ کے سامنے ڈٹ گئے۔انکا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتیں نہ بڑھائی جائیں ۔

گیس کی قیمتیں بڑھنے سے روٹی کی قیمت میں اضافہ ہوگا اور گیس سے تیار ہونے والی تمام اشیاء مہنگی ہوں گی۔وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آپ جو مرضی کہیں عوام آپ کی ان تشریحات کو قبول نہیں کرے گی ،اس لئیے حکومت کو ایسے فیصلوں سے اجتناب کرنا چاہیے جس سے حکومت کی مقبولیت کم ہو۔یاد رہے کہ اپوزیشن نے بھی گیس کی قیمتیں بڑھنے پر خاصی تشویش ظاہر کی ہے جبکہ عوام بھی حکومت کے اس فیصلے سے مطمئن نظر نہیں آتے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات