Live Updates

منی بجٹ میں امیروں پر ٹیکس میں اضافہ، عام آدمی کو ریلیف دیا گیا، جن کی تنخواہیں دو لاکھ روپے ماہانہ سے کم ہیں ان پر ٹیکس نہیں لگایا گیا، جن کی اس سے زیادہ ہیں ان پر ٹیکس میں اضافہ کیا گیا، اپوزیشن کے مطالبہ پر انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، اپوزیشن کو خود سمجھ نہیں آ رہی کہ دھاندلی کہاں ہوئی ہے، پارلیمانی کمیٹی کو 1990ء کے عام انتخابات سے دھاندلی کی تحقیقات کا آغاز کرنا چاہئے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 18 ستمبر 2018 15:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ منی بجٹ میں امیروں پر ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ عام آدمی کو اس میں ریلیف دیا گیا، ٹیکس میں اضافہ کا اثر عام آدمی پر نہیں پڑے گا، اپوزیشن کے مطالبہ پر انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، اپوزیشن کو خود سمجھ نہیں آ رہی کہ دھاندلی کہاں ہوئی ہے۔

پارلیمانی کمیٹی کو 1990ء کے عام انتخابات سے دھاندلی کی تحقیقات کا آغاز کرنا چاہئے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت ہمارے ساتھ میچ اس لئے نہیں کھیلتا کیونکہ اسے پتہ ہے کہ اس کا کیا حشر ہوگا۔ آج کا منی بجٹ تاریخی ہے، امیروں پر ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ عام آدمی کو اس میں ریلیف دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کی معیشت کا جو حال ہے اس کی ذمہ دار وہ جماعتیں ہیں جو بیس بیس سال اقتدار میں رہیں، اب ہمیں حکومت کرنے کے لئے پانچ سال دیئے جائیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ماضی میں دھاندلی کے حوالے سے چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر عمل نہیں کیا گیا۔ پاکستان میں کچھ رویئے ایسے بھی ہیں کہ فرشتے بھی انتخابات کروائیں تو ہارنے والے شکست تسلیم نہیں کریں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ میں نے وزیراعظم سے کہا ہے کہ 1990ء والے انتخابات کو کھولا جائے، جو لوگ دھاندلی کے حوالے سے کمیشن بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں، یہ سب جیل میں ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جو لوگ یہاں پیدا ہوئے ہیں وہ اپنی مرضی سے پیدا نہیں ہوئے، جو غیر ملکی پناہ گزیں یہاں آباد ہیں اور ان کے بچے یہاں پیدا ہوئے ہیں ان کا کیا قصور ہے، ہمیں اپنے دل بڑے کرنے کی ضرورت ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ چند لوگوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے تو وہ شور مچا رہے ہیں کہ مہنگائی ہو گئی ہے۔ جن کی تنخواہیں دو لاکھ روپے ماہانہ سے کم ہیں ان پر ٹیکس نہیں لگایا گیا، جن کی اس سے زیادہ ہیں ان پر ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کو ملکی ترقی کا احساس کرتے ہوئے منفی پروپیگنڈے سے گریز کرنا چاہئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات