قومی باﺅلنگ کوچ اظہر محمود کو بڑا صدمہ پہنچ گیا

بھتیجے کی وفات کے باعث وطن واپس روانہ، آئندہ ایک دو روز میں قومی ٹیم کو جوائن کر لیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 18 ستمبر 2018 15:39

قومی باﺅلنگ کوچ اظہر محمود کو بڑا صدمہ پہنچ گیا
دبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ اظہر محمود بھتیجے کی وفات کے باعث دبئی سے واپس وطن روانہ ہوگئے ہیں۔قومی ٹیم پاک بھارت میچ کے لیے دبئی میں موجود ہے جہاں اظہر محمود کو اپنے بھتیجے کی وفات کی اطلاع ملی جس کے بعد وہ فوری طور پر وطن واپس لوٹ رہے ہیں،43سالہ اظہر محمود آئندہ ایک سے دو روز میں وہ قومی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔

واضح رہے کہ اظہر محمود لاہور میں تربیتی کیمپ کے دوران اور بعد ازاں یو اے ای میں باﺅلرز کی رہنمائی کرتے رہے ہیں، ان کی کوچنگ میں قومی ٹیم کا باﺅلنگ کا شعبہ کا خاصا مضبوط ہوا ہے۔یاد رہے کہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہم میچ بدھ کو دبئی میں کھیلا جائیگا۔

(جاری ہے)

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کے اہم میچ کےلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ 19 ستمبر کو کھیلے جانے والا میچ انتہائی سخت اور کانٹے دار ہوگا۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ اپنی آب و تاب سے جاری ہے۔ پاکستان اور بھارت کے مابین بدھ کو دبئی میں شیڈول ایشیا کپ کے میچ پر پاک بھارت سمیت پوری دنیا کے شائقین کرکٹ کی نظریں لگی ہوئی ہیں اور شائقین کی بہت بڑی تعداد یا تو گراﺅنڈ میں جاکر یا پھر ٹی وی پر دونوں روایتی حریفوں کے مابین ہونے والے میچ کو دیکھنے کیلئے بیتابی سے انتظار کر رہی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ کے تمام ٹکٹس میچ سے قبل فروخت ہوچکے ہیں۔ پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ کی ٹیموں کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم اپنا دوسرا میچ بدھ کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ ایشیا کپ کیلئے پاکستان ٹیم سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، بابراعظم، آصف علی، امام الحق، شعیب ملک، شان مسعود، حارث سہیل، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، شاداب خان، محمد نواز، جنید خان، عثمان شنواری اور شاہین آفریدی پر مشتمل ہے جبکہ مکی آرتھر ٹیم کے ہیڈ کوچ اور طلعت علی مینجر ہیں۔