مقبوضہ کشمیر میں شہری ہلاکتوں پر امریکہ ، برطانیہ اور او آئی سی کا اظہار تشویش

پاکستان بھارت کو کشمیرمیں حالات معمول پر لانے کے لئے کوششیں کرنی چاہئے ، امریکہ شہری ہلاکتیں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے ، او آئی سی کشمیر میں صورت حال پریشان کن ہے ، برطانیہ

منگل 18 ستمبر 2018 15:59

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2018ء) کشمیر میں عام شہریوں کی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت پر امریکہ ، برطانیہ سمیت عالمی برادری نے شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اسلامی ممالک کی عالمی تنظیم( او آئی سی ) نے شہری ہلاکتوں کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر او آئی سی کے ایجنڈا پے سرفہرست ہے اور بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی ٹیم کو کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت نہ دینا قابل افسوس ہے کشمیر میں تشدد کی لہر میں مزید ہلاکتوں پر عالمی برادری نے بالآخر تشویش ظاہر کی ہے اور اس سلسلے میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کشمیر کی صورت حال کو پریشان کن قرار دیا ہے انہوں نے کہا کہ ان کے پاس جو اطلاعات موصول ہوئی ہیں ان کے مطابق کشمیر میں حالیہ دنوں پھر تشدد بھڑکا ہے جس میں فورسز کے ہاتھوں مزید 14 افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ کشمیر کی صورت حال کے حوالے سے پہلے بھی امریکہ کے پاس شکایات موصول ہوتی رہی ہیں اور بار بار امریکہ نے اپنی تشویش سے ہندوپاک کی حکومتوں کو آگاہ کر دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جو صورت حال کشمیرکے اندر بن رہی ہے اس کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات پر پھر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ اس بات کی قطعی طور پر اجازت نہیں دیتا ہے کہ کسی بے گناہ فراد کو مارا جائے ۔

اس دوران برطانیہ نے بھی کشمیر میں تازہ ہلاکتوں پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کشمیر کی صورت حال سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور بھارت میں مقیم برطانوی ہائی کمشنر کے ساتھ رابطہ قائم کیا گیا ہے ۔ برطانوی حکومت نے واضح کیا کہ کشمیر کی صورت حال کسی بھی وقت دھماکہ خیز بن سکتی ہے لہذا دونوں ممالک کو کشمیر میں حالات کو معمول پر لانے کی کوشش ضرور کرنا ہو گی ۔ ۔