سوکا ورلڈ کپ : قومی فٹبال ٹیم 21ستمبر کوکرچی سے پرتگال روانہ ہو گی

قومی ٹیم کی شرکت سے دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوگا ، ٹرنک والا فیملی اور ورلڈ گروپ با صلاحیت کھلاڑیوں کو ہر ممکن مواقع فراہم کرئیگا ، شاہ زیب ٹرنک والا

منگل 18 ستمبر 2018 16:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2018ء) پرتگال میں منعقد ہونیوالے پہلے سوکا ورلڈ کپ فٹبال میں شرکت کیلئے قومی سوکا فٹبال ٹیم 21ستمبر کوکرچی سے روانہ ہو گی جبکہ انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن کے نائب صدر شاہ زیب ٹرنک والا نے فٹبال شائقین کو جلد ایک بڑی خوشخبری دینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی نوعیت کے پہلے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت سے دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوگا ۔

تفصیلات کے مطابق شارٹ فارمیٹ کے تحت پرتگال کے شہر لزبن میں منعقدہونیوالے ورلڈ کپ میں دنیا بھر سے 32ممالک کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دے گی،سوکا ورلڈ کپ فٹ بال میں پاکستان کو پول بی میں اسپین، روس اور مالڈووا کیساتھ رکھا گیا ہے، پاکستان سکس اے سائیڈ ایونٹ میں اپنی مہم کا آغازمضبوط حریف اسپین کیخلاف 23ستمبر سے کرئیگا پاکستان دوسرا میچ مالڈوا کیخلاف 24ستمبر اور روس کے خلاف 27ستمبر کو کھیلے گا۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن کے نائب صدر شاہ زیب ٹرنک والا نے میگا ایونٹ میں نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرنک والا فیملی اور ورلڈ گروپ پاکستان میں شارٹ فارمیٹ کے فٹ بال کھیل کے فروغ اور با صلاحیت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کیلئے ہر ممکن مواقع فراہم کرئیگا جبکہ لیثرر لیگس نے قومی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کیا ہے اب یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ اپنی اہلیت کو کس حد تک ثابت کرتے ہیں۔

شاہ زیب ٹرنک والا نے کہاکہ مستقبل میں بھی ٹیموں کو انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں شرکت کیلئے بھجوایا جائیگا جبکہ پاکستان میں فٹبال کے حوالے سے جلد ایک بڑی خوشخبری دینگے۔ ان کامزید کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کو یورپ میں بھیجنے کا مقصد ٹیم کو متعارف کرانے کے ساتھ ایسا تاثرقائم کرنا ہے کہ جس سے پاکستان ایک مثبت امیج دنیاکے سامنے آئے جبکہ پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بھی گرائونڈپر آکر قومی ٹیم کی سپورٹ کرئے۔

اپنی نوعیت کے پہلے ورلڈ کپ کا فائنل 29ستمبر کوکھیلا جائے گا۔ جس میں پاکستان کے 14رکنی دستہ کی قیادت آفاق احمد کرینگے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں حافظ محمد ولید، عمر جاوید، حیدر علی، سعد علی خان، زید محمود، عامر اقبال گوندل، عبدالحنان جاوید، زبیح اللہ وڑائچ، محمد زبیرعادل، محمد عالمگیر، محمد کاشف، ظفر خان، سمیر احمد (اسٹریٹ چائلڈ) شامل ہیں۔ طارق لطفی پاکستان ٹیم کے کوچ ہونگے۔قومی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے 21ستمبر کو کراچی سے روانہ ہو گی ۔