کراچی کی رہائشی خاتون نے غربت سے تنگ آ کر سڑک کنارے فوڈ اسٹال لگا لیا

محنت کرنے میں ہی عزت ہے ، یونیورسٹی روڈ پر اسٹال لگانے والی خاتون کا موقف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 ستمبر 2018 15:53

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2018ء) : ملک میں غربت اور مہنگائی کے ہاتھوں تنگ عوام نے اہل خانہ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہزاروں جتن کرنا شروع کر دیئے ہیں ۔ ایسے ہی مہنگائی سے تنگ آ کر کراچی کی رہائشی ایک خاتون نے سڑک کنارے فوڈ اسٹال لگا لیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی یونیورسٹی روڈ پر یہ خاتون اپنا فوڈ اسٹال لگائے کھڑی ہیں جن کے کھانوں کے چرچےآس پاس کے علاقوں تک پہنچ گئے ہیں۔

اس فوڈ اسٹال کو ''اماں کا دسترخوان'' کہا جاتا ہے۔ دوپہر ہوتے ہی اس دستر خوان پر لوگوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔ اماں کے نام سے مشہور خاتون نے شوہر کے انتقال کےبعد اپنے خاندان کی کفالت کا بیڑہ اُٹھایا۔ سڑک کنارے فوڈ اسٹال لگانے والی اماں کا کہنا ہے کہ شوہر کے انتقال کے بعد اہل خانہ کو پالنےکے لیے میں نے اسٹال لگایا ۔

(جاری ہے)

پہلے میں نے دال چاول سے شروع کیا، پھر مارکیٹ سے آنے والے بچوں نے کہا کہ آپ کوئی سالن بھی لگایاکریں۔

جس کے بعد میں نے سالن بھی لگانا شروع کر دیا ۔ سلمیٰ اماں کا کہنا ہے کہ میں شروع شروع میں بہت روتی تھی کہ میں کس طرح سڑک پر آؤں گی، کیا کروں گی۔ فوڈ اسٹال پر آنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ ہمیں ان کے کھانوں کا ذائقہ بے حد پسند ہے اور ان کا اخلاق بھی ایسا ہے جیسے گھر پر ہماری والدہ کھانا ڈال کر دیتی ہیں۔ فوڈ اسٹال پر آنے والے لوگوں نےبتایا کہ اس اسٹال کا کھانا ذائقہ دار ہونے کے ساتھ ساتھ معیاری بھی ہوتا ہے اور ان کے مصالحے بھی مناسب ہوتے ہیں۔

سلمٰی نامی اس خاتون کا کہنا ہے کہ محنت سے کمائی ہوئی روٹی میں برکت ہوتی ہے ، اسی لیے میں نے محنت کر کے کمانے کو ہی ترجیح دی۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ہمارے معاشرے میں موجود ایسی خواتین ہی دیگر خواتین کے لیے مثال ہیں جو سرپرست کے نہ ہونے پر ہمت ہارنے کی بجائے خود ہی نکل پڑتی ہیں اور اپنی محنت اور قابلیت کے بل بُوتے پر اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالنے کے قابل ہو جاتی ہیں ۔