سعودی عرب: اب معتمرین کسی بھی شہر کا رُخ کر سکتے ہیں

یہ سہولت عمرے کے 30روزہ ویزے پر آنے والے افراد کو مہیا ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 18 ستمبر 2018 16:09

سعودی عرب: اب معتمرین کسی بھی شہر کا رُخ کر سکتے ہیں
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 ستمبر 2018ء) سعودی حکام نے اعلان کیا ہے کہ جو افراد عمرے کا 30 روزہ ویزہ حاصل کریں گے اُنہیں سعودی مملکت میں قیام کے دوران کسی بھی شہر کی سیر کرنے کی اجازت ہو گی۔ یہ افراد 30میں سے 15 دِن حرمین شریفین کی زیارت کریں گے اور باقی کے دِنوں میں سعودی مملکت کے تمام علاقوں میں سیر و سیاحت سے محظوظ ہو سکیں گے۔ اس سے قبل تمام معتمرین پر مکہ مکرمہ، مدینہ مدینہ اور جدہ کے علاوہ دیگر مقامات کا رُخ کرنے پر پابندی تھی، تاہم اس پابندی کے خاتمے کے بعد وہ سعودی مملکت کی سیاحت سے جی بھر کر لُطف اندوز ہو سکیں گے۔

سیکرٹری امور عمرہ عبدالعزیز وزان نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ عمرہ سیزن کا آغاز ہوتے ہی دُنیا بھر سے ایک ہزار کے قریب معتمر مملکت میں پہنچ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ابھی تک 25 ہزار سے زائد عمرہ ویزے جاری ہو چکے ہیں۔ رواں سال کے لیے تقریباً 85 لاکھ افراد کو عمرہ ویزے دیئے جا نے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ گزشتہ ہجری سال 70لاکھ افراد نے عمرے کی سعادت حاصل کی تھی۔

عبدالعزیز وزان کے مطابق رواں سال کے دوران 30 دِن کا عمرہ پیکیج لینے والوں پر خصوصی کرم نوازی کی گئی ہے جس کے تحت وہ مملکت کے کسی بھی شہر،تاریخی اور سیاحتی مقام کی سیر بھی کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ وژن 2030ء کے مطابق خارجی معتمرین کی گنتی ڈیڑھ کروڑ سے بڑھا کر 2030ء تک بتدریج 3 کروڑ تک پہنچائی جائے گی۔ جبکہ ہر سال حاجیوں کی گنتی میں بھی اضافہ کیا جائے گا اور 2030ء تک حاجیوں کی گنتی ساڑھے چار کروڑ تک بڑھا دی جائے گی۔

نائب وزیر حج و عمرہ عبدالفتاح مشاط کے مطابق آئندہ سے ایئر پورٹس پر معتمرین کی امیگریشن کارروائی 30 سے 40 منٹس کی بجائے چند منٹس میں مکمل کر لی جائے گی۔ اس حوالے سے مطلوبہ تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ سعودی مملکت چاہتی ہے کہ ہر سال حاجیوں کی تعداد بڑھا کر اُن افراد کے لیے امکان کو بڑھا دیا جائے ‘ جو ابھی تک حج کی سعادت سے محروم ہیں۔

متعلقہ عنوان :