مقبوضہ کشمیر،محرم الحرام کے جلوس میں برہان وانی کے حق میں نعرے ،شرکاء نے برہان وانی کو سلام پیش کیا

منگل 18 ستمبر 2018 16:33

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) سرینگر میں محرم الحرام کے ایک جلوس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ کی مرکز بنی ہوئی ہے جس میں نوجوانوںکو 22سالہ معروف نوجوان رہنماء برہان مظفر وانی کے حق میں نعرے بلند کرتے ہوئے دکھایاگیا ہے ۔ اب تک اس ویڈیو کو لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق برہان وانی کو بھارتی فوجیوںنے جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں 8جولائی 2016کو شہید کردیاتھا۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں نوجوانوں کو نواسہ رسول ؐ کا اصل پیرو کار قراردیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جنہوںنے چودہ سو برس قبل کربلا میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ ویڈیو میں جلوس کے شرکاء کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیر آج کا کربلا ہے اور کشمیر کا ہر دن یوم عاشور ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید برہان وانی کے مشن امام حسین ؓ کے مشن کی طرح ہی ہے ۔ ان کا بھارت اور اسکی فورسز کا حوالہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ برہان وانی نے امام حسین کی طرح لاکھوں یزیدیوںکے خلاف جہاد کیا۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ امام حسین کے ساتھ انکے 72ساتھی موجود تھے جبکہ برہان وانی کے ساتھ گیارہ ساتھی تھے ۔ ایک منٹ دورانیہ کی ویڈیو میں انہوںنے برہان وانی کو سلا م بھی پیش کیا۔