سرینگرکے صورہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے نرسنگ طلباء کا ساتھی کی گرفتاری پر احتجاجی مظاہرہ

سات بہنوں کا اکلوتا بھائی محمد اقبال اپنے علیل والد کی عیادت کے لیے جموں جارہاتھا

منگل 18 ستمبر 2018 16:34

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میںصورہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں بی ایس سی نرسنگ کے طلباء نے اپنے ساتھی محمد اقبال راتھر کی گرفتاری کے خلاف اوراس کی رہائی پر زوردینے کے لیے منگل کو سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ضلع بڈگام میں پکھر پورہ کے علاقے فتلی پورہ سے تعلق رکھنے والے محمد اقبال کو بھارتی پولیس نے جمعرات کو سرینگر جموں ہائی سے پر گرفتار کیا تھا۔

(جاری ہے)

طلباء ہاتھوں میں پلے کارڈز لیے سرینگر کے پریس انکلیو پر جمع ہوئے اوراقبال کی رہائی کے حق میں نعرے لگائے۔ پولیس نے کہا کہ اقبال کو بدھ کو ایک ٹرک سے گرفتار کیاگیا تھاجس میںہائی وے پر پیراملٹری فورسز کی پارٹی پر حملے کرنے والے تین افراد سفر کررہے تھے جبکہ احتجاجی طلباء کا کہنا ہے کہ اقبال اپنے علیل والد کو دیکھنے کے لیے جموں جارہاتھا اور اس پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ دریں اثناء محمد اقبال راتھر کے اہلخانہ نے بھی ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیٹا بے گناہ ہے اور وہ ان کی گرفتاری کی وجوہات نہیں جانتے ہیں۔ سات بہنوں کا اکلوتا بھائی اقبال صورہ انس-ٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سرینگر میں بی ایسی نرسنگ کا طالب علم ہے۔