Live Updates

کوئٹہ میں 265 فراری ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل

دشمن نے اپنے مقاصد کے حصول کیلئے معصوم لوگوں کو ورغلایا لیکن بلوچستان کے عوام نے ثابت کیا ہے کہ وہ باشعور ہیں، ہمارا عزم صوبے سے پسماندگی کو دور کرنا ہے، حکومت کو عوامی مسائل کا ادراک ہے، بے روزگاری کا خاتمہ ، صحت اور تعلیم کی فراہمی حکومت کیلئے بڑے چیلنجز ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کوئٹہ میں تقریب سے خطاب

منگل 18 ستمبر 2018 17:01

کوئٹہ میں 265 فراری ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) کوئٹہ میں 265 فراری ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوگئے،مختلف کالعدم تنظیموں کے فراریوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹینیٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ ،تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند ،وزیرداخلہ بلوچستان سلیم کھوسو،ڈپٹی اسپیکربلوچستان اسمبلی سردار بابر خان اور آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم کے سامنے ہتھیار جمع کروائے، فراریوں کا تعلق کوہلو، قلات، لورالائی ، ڈیرہ بگٹی، سبی ، خضداراور نوشکی سے تھا۔

جمع کروائے جانے والے ہتھیاروں میں 53 ایس ایم جی، 2 راکٹ لانچرز،ایک ایل ایم جی اور رائفلز شامل تھیں۔ تقریب سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے اپنے مقاصد کے حصول کیلئے معصوم لوگوں کو ورغلایا لیکن بلوچستان کے عوام نے ثابت کیا ہے کہ وہ باشعور ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم بلوچستان سے پسماندگی کو دور کرنا ہے ،حکومت کو عوامی مسائل کا ادراک ہے، بے روزگاری کا خاتمہ ، صحت اور تعلیم کی فراہمی حکومت کیلئے بڑے چیلنجز ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت کو ایک چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے، آنے والے پانچ سالوں میں لوگوں کو ایک خوشحال ترقی یافتہ بلوچستان دینا ہے،وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی مخلوط حکومت میں شامل پارٹیوں کو اب یہ ثابت کرنا ہے کہ وہ پانچ سالوں میں بلوچستان میں ترقیاتی کاموں کے جال بچائیں گے ،لوگوں کو میرٹ پر روزگار دیں گے ہمارے جو بھائی پہاڑوں پر گئے شاید اس کی یہ وجہ ہمارے منتخب نمائندوں کی بے حسی ہے کہ جن علاقوں میں صحت ،تعلیم اور زندگی کے دیگر سہولیات کی فراہمی تھی لیکن منتخب نمائندوں نے جو کام کرنے تھے وہ نہیں کئے جس کی وجہ سے یہ لوگ مایوس ہوکر پہاڑوں پر گئے لیکن ان کی خوش قسمتی ہے کہ وہ واپس قومی دھارے میں شامل ہوکربلوچستان اور پاکستان کی ترقی کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے ، ہر شہری کی یہ کوشش ہے کہ ان کے علاقے میں زندگی کی تمام بنیادی سہولیات موجود ہوںاور باقی صوبے کی لوگوں کی طرح خوشحال زندگی گزار سکے ،انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں حکومت اور سول ملٹری لیڈر شپ کا ایک قطار میں بیٹھنااس بات کو ثابت کرتا ہے کہ ہم صوبے کو ترقی دینا چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ باقی صوبوں کی نسبت بلوچستان میں پسماندگی زیادہ ہے اس کے لیے ہمیں دن رات ایک کرکے کام کرنا ہوگا تاکہ پانچ سال بعد جب ہم دوبارہ اپنے عوام کے پاس جائیں تو وہ ہمیں عزت دیں اس لیے صوبے کے عوام نے بلوچستان عوامی پارٹی اور اس کے اتحادیوں کو ووٹ دیکر منتخب کیا تاکہ وہ ان کے علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ تقریب میں صوبائی وزراء سردارعبدالرحمان کھیتران ،نورمحمد دمڑ ،عبدالخالق ہزارہ ،نصیب اللہ مری،سردار صالح بھوتانی،اراکین اسمبلی نوابزادہ گہرام بگٹی ،محمد خان لہڑی سمیت دیگر بھی شریک تھے۔ تقریب سے فراری کمانڈروں نے وطن سے وفاداری کا عہد کیا اور آئندہ ملک دشمن سرگرمیوں میں شامل نہ ہونے کا عہد کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات